سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(77) نماز قصر کے لیے کم ازکم مسافت

  • 19726
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-26
  • مشاہدات : 2598

سوال

(77) نماز قصر کے لیے کم ازکم مسافت

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کم ازکم کتنی مسافت پر نماز قصر کرنا جائز ہے ،کتاب و سنت میں اس کے متعلق کیا صراحت ہے؟وضاحت فرمائیں۔


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  سے مسافت قصر کے متعلق کوئی صریح قولی روایت نہیں ملتی جس سے نماز قصر کے لیے مسافت کی تعداد کو معین کیا جاسکتا ہو۔ البتہ حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ  جو سفر و حضر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  کے ہمراہ ایک خادم خاص کی حیثیت سے رہے ہیں انھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  کے ایک عمل سے استنباط کیا ہے کہ کم ازکم نو میل کی مسافت پر نماز قصر کی جا سکتی ہے۔ چنانچہ حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ  کے شاگردیحییٰ بن یزید نے آپ سے نماز قصر کے لیے مسافت کی تعداد کے متعلق سوال کیا تو آپ نے جواب دیا کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  تین میل یا تین فرسخ کا سفر کرتے تو نماز قصر فرماتے۔

واضح رہے کہ روایت میں تین میل کے بجائے تین فرسخ مرادلینا زیادہ قرین قیاس ہے کیونکہ اس میں تین میل بھی آجاتے ہیں کیونکہ ایک فرسخ تین میل کا ہوتا ہے معلوم ہوا کہ مسافت اگر نو میل ہو تو اپنے شہر یا گاؤں کی حد سے نکل کر نماز قصر کی جا سکتی ہے، اب سوال یہ ہے کہ میل سے مراد کون سے میل ہیں؟ کیونکہ ہمارے ہاں برطانوی میل رائج ہیں جو 1760۔گز کا ہوتا ہے جو شرعی میل سے چھوٹا ہے، چنانچہ صاحب عون المعبود لکھتے ہیں۔’’مشہور قول کے مطابق میل کی مقدار موجودہ لوہے کی ذراع کے حساب سے 5250۔ذراع ہے۔‘‘[1]

چونکہ انگریزی گزدوذراع کا ہوتا ہے اس لیے ہاشمی میل دو ہزار  چھ سو پچیس گز کا ہوا۔یہ وہ میل ہے جسے ہمارے ہاں کوس یا پنجابی میں کوہ کہا جاتا ہے جب ہندوستان میں برطانوی دور آیا تو انگریزی میل ایک ہزار سات سو ساٹھ گز کا رائج ہوا۔ اس طرح ہاشمی میل کی مقدار میں آٹھ سو پینسٹھ گز کمی کردی گئی۔گویا ہاشمی میل تقریباً ڈیڑھ میل برطانوی کے برابرہے اس لیے نو میل ہاشمی ہوں تو ساڑھے تیرہ میل برطانوی ہوتے ہیں۔

ہمارے ہاں اب انگریزی میل کی جگہ اعشاری نظام آچکا ہے اب میل کے بجائے کلو میٹر کی اصطلاح استعمال ہونے لگی ہےاور کلو میٹر انگریزی میل سے بھی چھوٹا ہے اب حساب اس طرح ہوگا ایک شرعی ہاشمی میل پانچ ہزار دو سوپچاس ذراع کے برابر ہے جس میں دو ہزار چھ سو پچیس گز ہوتے ہیں یہ مقدار ہمارے ہاں برطانوی میل سے آٹھ سو پینسٹھ  گز زیادہ ہے۔

اعشاری نظام کے مطابق ایک شرعی ہاشمی میل دو ہزار چار سو میٹر کے برابر یعنی اس میں کلومیٹر اور چار سو میٹر ہوتے ہیں چونکہ نماز قصر کے لیے کم ازکم نومیل  ہاشمی کا ہونا ضروری ہے جس کی مقدار موجودہ اعشاری نظام کے مطابق اکیس کلو میٹر اور چھ سو میٹر ہے پہلے ہم ہاشمی اور برطانوی میل میں فرق نہیں کرتے تھے اب یہ تحقیق سامنے آنے پر ہم اپنے سابقہ مؤقف سے رجوع کرتے ہیں۔(واللہ المستعان)


[1] ۔عون المعبود ،ص:218۔ج3۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد:3، صفحہ نمبر:98

محدث فتویٰ

تبصرے