السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
ایک شخص نے کسی عورت سے نکاح کیا اور اس سے دخول سے قبل فوت ہوگیا تو کیا اس عورت پر سوگ منانا لازم ہوگا؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
جس عورت کا خاوند عقد نکاح کے بعد اور دخول سے پہلے وفات پاگیا اس کی بیوہ پر عدت گزارنا اور سوگ منانا لازم وضروری ہے کیونکہ محض نکاح سے عورت بیوی بن جاتی ہے اور اللہ تعالیٰ کے اس فرمان میں شامل ہوجاتی ہے:
﴿وَالَّذينَ يُتَوَفَّونَ مِنكُم وَيَذَرونَ أَزوٰجًا يَتَرَبَّصنَ بِأَنفُسِهِنَّ أَربَعَةَ أَشهُرٍ وَعَشرًا ...﴿٢٣٤﴾... سورةالبقرة
"اور جو لوگ تم میں سے فوت کیے جائیں اور بیویاں چھوڑجائیں وہ(بیویاں )اپنے آپ کو چار مہینے اور دس راتیں انتظار میں رکھیں۔"
نیز امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ اور مسلم رحمۃ اللہ علیہ نے روایت کیا ہے کہ بلاشبہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
"لا تحد امرأة على ميت فوق ثلاث إلا على زوج أربعة أشهر وعشرا"[1]
"عورت کسی میت پر تین دن سے زیادہ سوگ نہ کرے۔سوائے خاوند کے کہ وہ اس پر چار ماہ دس دن تک سوگ منائے گی۔"
نیز اہل سنن اور امام احمد رحمۃ اللہ علیہ نے روایت کیاہے کہ بلاشبہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بروع بنت واشق کے متعلق،جس کا خاوند ان سے نکاح کے بعد دخول ومجامعت سے قبل وفات پاگیاتھا،فیصلہ کیا کہ اس پر عدت واجب ہے اور وہ وراثت کی مستحق ہے۔(سعودی فتویٰ کمیٹی)
[1] ۔صحیح البخاری رقم الحدیث(1221) صحیح مسلم رقم الحدیث(1486)
ھذا ما عندی والله اعلم بالصواب