سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(1222) وسوسہ کا حکم

  • 18829
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-26
  • مشاہدات : 1654

سوال

(1222) وسوسہ کا حکم

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

میری عمر 33 سال ہو رہی ہے، بال بچے بھی ہیں۔ پانچ چھ سال سے مجھے وسوسہ کی بیماری ہو گئی ہے، وضو میں گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ اور  غسل میں تین تین گھنٹے لگ جاتے ہیں۔ وہم رہتا ہے کہ ابھی وضو نہیں ہوا، ابھی میں پاک نہیں ہوئی۔ ان وساوس کی وجہ سے میں اچھے کپڑے تک نہیں پہن سکتی ہوں۔ نفسیاتی ہسپتال میں بھی زیر علاج رہی ہوں۔ براہ مہربانی میری مشکل کا کوئی حل بتایا جائے۔ اور دوسرا یہ کہ بچپن سے میرے ذمے کچھ روزے ہیں، ان کی گنتی میرے علم میں نہیں ہے، تو اب میں کیا کروں؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

آپ کو نفسیاتی ہسپتال میں متعلقہ ڈاکٹروں سے علاج جاری رکھنا چاہئے۔ امید ہے اللہ تعالیٰ آپ کو شفا یاب کر دے گا اور ساتھ ہی دعا خوب کیا کریں۔ رات کو بالخصوص سوتے وقت آیۃ الکرسی اور صبح شام تین تین بار یہ دعا پڑھا کریں:

(بِسْمِ اللَّهِ الَّذِي لَا يَضُرُّ مَعَ اسْمِهِ شَيْءٌ فِي الْأَرْضِ وَلَا فِي السَّمَاءِ وَهُوَ السَّمِيعُ الْعَلِيمُ)

’’اللہ کے نام سے، وہ ذات کہ اس کے نام کے ساتھ زمین یا آسمان کی کوئی چیز نقصان نہیں پہنچا سکتی، اور وہ خوب سننے والا جاننے والا ہے‘‘

اور سوتے ہوئے اپنے اوپر سورہ اخلاص، قل اعوذ برب الفلق اور قل اعوذ برب الناس پڑھ کر تین بار دم کیا کریں۔ یہ پڑھ کر اپنے ہاتھوں میں پھونکیں اور پھر اپنے پورے جسم پر جہاں تک ہاتھ پہنچیں پھیرا کریں۔

صحیح بخاری وغیرہ میں سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم جب رات کو بستر پر تشریف لاتے تو اپنے دونوں ہاتھ اکٹھے کرتے، ان میں قُلْ هُوَ اللَّـهُ أَحَدٌ، قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ اور قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ  پڑھ کر پھونکتے اور جہاں تک ہو سکتا  اپنے جسم پر پھیرتے۔ ابتدا اپنے سر، چہرے اور جسم کے اگلے حصے سے کرتے، اور تین بار ایسا کرتے۔ (صحیح بخاري،کتاب فضائل القرآن،باب فضل المعوذات،حدیث:5017وسنن ابی داؤد،کتاب الادب،باب مایقول عند النوم،حدیث:5056وسنن الترمذي،کتاب الدعوات،باب فیمن یقراالقرآن عند المنام،حدیث:3402۔)

اور آپ کو بھی اللہ سے بار بار دعا کرنی چاہئے کہ شفا عنایت فرمائے اور عافیت دے، اور دعا الکرب (دکھ تکلیف اور پریشانی کی دعا) بھی پڑھنی چاہیے یعنی

(لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ الْعَظِيمُ الْحَلِيمُ لَا إِلَهَ  رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ رَبُّ السَّمَاوَاتِ وَ رَبُّ الْأَرْضِ وَ رَبُّ الْعَرْشِ الْكَرِيمِ)

’’اللہ کے علاوہ اور کوئی معبود نہیں، وہ بڑی عظمت والا حلیم اور بردبار ہے۔ اللہ کے علاوہ اور کوئی معبود نہیں، وہ عرش عظیم کا رب ہے۔ اللہ کے علاوہ اور کوئی معبود نہیں، وہ آسمانوں کا رب ہے، زمین کا رب ہے اور عرش کریم کا رب ہے۔‘‘(نبی اکرم ﷺ کا معمول تھا کہ کسی بھی پریشانی/تکلیف کے وقت یہی کلمات پڑھا کرتے تھے۔(عاصم)(صحیح بخاري،کتاب الدعوات،باب الدعاءعند الکرب،حدیث:6375۔صحیح مسلم،کتاب الذکر والدعاءوالتوبة والاستغفار،باب دعاءالکرب،حدیث:2730وسنن الترمذي،کتاب الدعوات،باب مایقول عندالکرب،حدیث:3435۔)

وضو، غسل حیض اور جنابت میں اپنے اوپر اعتماد کریں کہ آپ پاک ہو گئی ہیں اور غسل خانے میں بہت زیادہ وقت لگانا چھوڑ دیں۔ یہ شیطانی وہم ہے۔

دوسرا مسئلہ:۔۔ اگر بچپنے میں رمضان کے روزے رہے ہیں اور آپ کو ان کی گنتی معلوم نہیں ہے تو بلوغت کے بعد روزے رکھیں اس قدر کہ آپ کے ظن غالب کے مطابق وہ گنتی پوری ہو جائے۔ اور بلوغت سے پہلے کے روزوں کی کوئی قضا نہیں ہے۔ اور اللہ تعالیٰ تمہیں شفا دے۔

اور بلوغت مرد یا عورت کی اس کی پندرہ سال کی عمر سے شمار ہوتی ہے، یا صنفی جذبات کے تحت انزال منی ہو، نیند میں ہو یا جاگتے میں، یا شرمگاہ کے اردگرد سخت بال نکل آئیں، یا عورت کے لیے یہ ہے کہ اسے حیض آنا شروع ہو جائے۔ یہ علامات بلوغت ہیں۔

    ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

احکام و مسائل، خواتین کا انسائیکلوپیڈیا

صفحہ نمبر 864

محدث فتویٰ

تبصرے