السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
عورت اور اس کے اولیاء نے شوہر سے شرط کی کہ وہ اسے اس کے گھر سے یا شہر سے کہیں اور نہیں لے جائے گا۔ اس کا کیا حکم ہے؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
بیوی یا اس کے اولیاء کا شوہر سے اس قسم کی شرط کر لینا صحیح ہے اور اس پر عمل بھی لازم ہے۔ حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’شرطوں میں سب سے بڑھ کر وفا کے لائق وہ شرطیں ہیں جن سے تم عورتوں کی عصمتیں حلال کرتے ہو۔‘‘ (صحیح بخاری،کتاب الشروط،باب الشروط فی المھر عند عقد النکاح،حدیث:2572وصحیح مسلم،کتاب النکاح،باب الوفاءبالشروط فی النکاح،حدیث:1418وسنن الدارمی:191/2،حدیث:2203وسنن ابی داود۔کتاب النکاح،باب فی الرجل یشترط لھا دارھا،حدیث:2139۔)
جناب اثرم رحمہ اللہ نے بیان کیا ہے کہ ایک آدمی نے ایک عورت سے اس شرط پر نکاح کیا کہ وہ اسے اس کے گھر سے منتقل نہیں کرے گا، پھر اس نے اسے منتقل کرنا چاہا، تو انہوں نے اپنا معاملہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے سامنے پیش کیا، تو انہوں نے فرمایا کہ:
’’عورت کو اس کی شرط کے مطابق حق حاصل ہے۔‘‘ (مصنف عبدالرزاق:227/6،حدیث:10608۔)
لیکن اگر عورت اپنے شوہر کے ساتھ منتقل ہونے پر راضی ہو جائے، تو بھی اسے یہ حق حاصل ہے یعنی وہ اپنی یہ شرط ساقط کرنا چاہے تو کر سکتی ہے۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب