السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
جو عورت بہت ضعیف ہو اس کے لیے مزدلفہ میں رات گزارنے کا کیا حکم ہے؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
سنت یہ ہے کہ آدمی مزدلفہ کی رات طلوع فجر تک مزدلفہ ہی میں گزارے۔ وہاں اول وقت میں نماز فجر ادا کرے، پھر مشعر الحرام کے پاس وقوف کرے حتیٰ کہ فضا طلوع آفتاب سے پہلے خوب سفید ہو جائے۔ لیکن اگر کوئی کمزور ہو جیسے کہ عورتیں اور چھوٹے بچے وغیرہ تو انہیں چاند غروب ہونے کے بعد جلدی روانہ ہو جانے کی رخصت ہے۔ اور جو قوی اور صحت مند ہوں، انہیں طلوع فجر سے پہلے نماز فجر پڑھنے اور مشعر الحرام کے پاس وقوف کیے بغیر نہیں نکلنا چاہئے۔ اور وادی مزدلفہ ساری ہی مقام وقوف ہے، تاہم مقام "قزح" زیادہ افضل ہے، اور یہ وہاں ایک چھوٹی پہاڑی ہے، جہاں کہ آج کل لوگ وقوف کرتے ہیں، وہاں ایک عمارت بھی بنی ہوئی ہے۔ اکثر فقہائے کرام نے خاص اسے ہی مشعر الحرام کا نام دیا ہے۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب