السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
میت کو قبر میں کس طرح سے اتارا جائے؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
میت کو اٹھا کر قبر کی پائینتی کی طرف سے قبر میں اتارا جائے، پہلے اس کے پاؤں داخل کیے جائیں اور سر بعد میں۔ یہی طریقہ افضل ہے۔ ابواسحاق کی روایت ہے کہ حارث رضی اللہ عنہ نے وصیت کی کہ عبداللہ بن زید رضی اللہ عنہ ان کا جنازہ پڑھائیں، چنانچہ انہوں نے ہی پڑھایا اور پھر ان کی قبر کو پائینتی کی طرف سے لحد میں اتارا اور کہا: ’’یہ سنت ہے۔‘‘ بیہقی نے کہا اس کی سند صحیح ہے۔
ابن سیرین کہتے ہیں کہ میں ایک جنازے میں حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ کے ساتھ تھا، چنانچہ انہوں نے میت کے متعلق کہا اور اسے قبر کی پائینتی کی طرف سے داخل کیا گیا۔ (مسند احمد بن حنبل: 429/1، حدیث؛ 4081) سند اس کی صحیح ہے، جیسے کہ احکام الجنائز البانی میں ہے۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب