سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(129) محرم کے بغیر عورت کے لیے سفر کا حکم

  • 15647
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-26
  • مشاہدات : 1212

سوال

(129) محرم کے بغیر عورت کے لیے سفر کا حکم
السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
ان شاء اللہ میری والدہ عمرہ کے لیے جانا چاہتی ہیں ان کے خاوند اور بھائی ان کے ساتھ جانے کی استطاعت نہیں رکھتے ان کا چچا زاد جو کہ ان کا دیوراور بہنوئی بھی ہے اپنی بیوی کے ساتھ حج پر جائے گا تو کیا میری والد ہ کے لیے ان کے ساتھ عمرہ کے لیے جانا جائز ہے؟

الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

اسلام نے عورت کی پاکدامنی اور عزت و ناموس کی حفاظت کے لیے سفر میں محرم کی شرط لگائی ہے تاکہ وہ اسے شہوانی اغراض اور غلط مقاصد کے حامل لوگوں سے محفوظ رکھے اور سفر جوکہ عذاب کا ایک ٹکڑا ہے میں عورت کی معاونت کرے۔ اس لیے عورت کے لیے بغیر محرم کے سفر کرنا جائز نہیں ۔ اس کی دلیل یہ ہے کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ    بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم   نے فر مایا:

"لاتسافرن امراة الا ومعها محرم فقام رجل فقال: يا رسول الله اكتتبت في غزوة كذا وكذا وخرجت امرأتي حاجة، قال: اذهب فحج مع امرأتك"

"کوئی بھی عورت ہر گز محرم کے بغیر سفر نہ کرے ایک شخص کھڑا ہوا اور عرض کیا اے اللہ کے رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم   !میں تو فلاں غزوے میں جا رہا ہوں اور میری بیوی حج پر جارہی ہے ۔آپ  صلی اللہ علیہ وسلم   نے فرمایا: تم اپنی بیوی کے ساتھ حج پر جاؤ۔"( بخاری 3006۔کتاب الجہاد والسیر : باب من اکتب فی جیش فخرجت امراتہ حاجۃ)

نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم   کا اس صحابی کو جہاد چھوڑ کر بیوی کے ساتھ جانے کا کہنا سفر میں محرم کے وجوب پر دلالت کرتا ہے حالانکہ اس صحابی کا ایک غزوے میں جانے کے لیے نام لکھا جا چکا تھا اور پھر عورت کا وہ سفر بھی حج جیسی عظیم اللہ تعالیٰ کی عبادت کے لیے تھا سیرو سیاحت اور تفریح کے لیے نہیں تھا اس کے باوجود نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم   نے اسے کہا کہ وہ جہاد چھوڑ کر اپنی بیوی کے ساتھ حج پر جائے۔ اس سے اس مسئلے کی اہمیت عیاں ہے۔

اہل علم نے کسی محرم ہونے کے لیے پانچ شرائط لگائی ہیں۔

1۔مرد ہو۔۔۔2۔مسلمان ہو۔۔۔3۔بالغ ہو۔۔۔4۔عاقل ہو۔5۔وہ اس عورت پر ابدی طور پر حرام ہو۔

مثلاً والد بھائی چچا ماموں سسر والدہ کا خاوند اور رضاعی بھائی وغیرہ واضح رہے کہ جن رشتہ داروں سے وقتی طور پر نکاح حرام ہے مثلاً بہنوئی اور پھوپھا وغیرہ وہ محرم نہیں ہیں معلوم ہوا کہ عورت کا دیور اس کا چچا زاد اور اس کا ماموں زاد اس کا محرم نہیں جس وجہ سے اس کا ان کے ساتھ سفر پر جانا جائز نہیں۔(شیخ محمد المنجد)
ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب

فتاویٰ نکاح و طلاق

ص192

محدث فتویٰ

تبصرے