آپ کی نظر میں نکاح حلالہ کے متعلق شریعت کی کیا رائے ہے؟
پہلے یہ سمجھ لینا بہتر ہے کہ نکاح حلالہ کیا چیز ہے؟ نکاح حلالہ یہ ہے کہ کو ئی آدمی اپنی بیوی کو تین طلاقیں دے دیتا ہے یعنی اسے طلاق دیتا ہے پھر رجوع کرلیتا ہے پھر طلاق دیتا ہے پھر رجوع کر لیتا ہے پھر تیسری مرتبہ طلاق دے دیتا ہے۔ اب یہ عورت جسے اس کے شوہر نے تین طلاقیں دی ہیں اس کے لیے اس وقت تک حلال نہیں جب تک وہ کسی دوسرے مرد سے بسنے کی نیت سے نکاح نہ کر لے وہ اس سے ہم بستری کرے اور پھر موت طلاق یا فسخ کے ذریعے اس سے جدا ہو جا ئے ۔ تب یہ عورت پہلے شوہر کے لیے حلال ہو گی کیونکہ ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ۔
"یہ طلاقیں دو مرتبہ ہیں پھر یا تو اچھائی کے ساتھ روکنا یا عمدگی کے ساتھ چھوڑ دینا ہے"َ۔۔۔پھر اگر اس کو (تیسری بار) طلاق دے دے تو اب (وہ عورت) اس کے لیے اس وقت تک حلال نہیں جب تک وہ اس کے سوا کسی دوسرے مرد سے نکاح نہ کرلے"پھر اگر وہ بھی (کبھی اپنی مرضی سے) طلاق دے دے تو ان دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ ملنے میں کوئی گناہ نہیں بشرطیکہ وہ یہ جان لیں کہ اللہ کی حدوں کو قائم رکھ سکیں گے۔"اب اگر لوگوں میں سے کوئی شخص تیسری طلاق یا فتہ عورت سے اس نیت سے نکاح کرے کہ جب وہ اسے پہلے شوہر کے لیے حلال کردے گا تو اسے طلاق دے دے گا یعنی جب اس سے (نکاح کے بعد) ہم بستری کر لے گا تو اسے طلاق دے دے گا اور پھر وہ عورت عدت پوری کر کے پہلے شوہر کی طرف لوٹ جائے گی تو ایسا نکاح فاسد و باطل ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حلالہ کرنے اور کرانے دونوں پر لعنت فرمائی ہے اور حلالہ کرنے والے کو ادہارکے سانڈ کا نام دیا ہے ۔
یہ نکاح حلالہ دو صورتوں پر مشتمل ہے۔
پہلی صورت یہ ہے کہ عقد نکاح پر حلالے کی شرط لگائی جائے شوہر کے لیے کہا جا ئے کہ ہم اپنی بیٹی کی تیرے ساتھ اس شرط پر شادی کر رہے ہیں کہ تم اس سے ہم بستری کر کے اسے طلاق دے دو گے۔
دوسری صورت یہ ہے کہ (نکاح سے پہلے ) ایسی کوئی شرط تو نہ لگائی جائے البتہ حلالے کی صرف نیت موجود ہواور نیت بعض اوقات شوہر کی طرف سے ہوتی اور بعض اوقات شوہر اور اس کے اولیاء کی طرف سے۔پس جب نیت شوہر کی طرف سے ہوگی اور بے شک شوہر کے ہاتھ میں ہی جدائی (یعنی طلاق دینے) کا اختیار ہے تو ایسے نکاح سے عورت پہلے شوہر کے لیے حلال نہیں ہو گی۔کیونکہ اس نے وہ نیت ہی نہیں کی جو نکاح سے مقصود ہے اور وہ ہے بیوی کے ساتھ الفت و محبت اور طلب عفت و اولاد وغیرہ سمیت زندگی گزارنا ۔ اس نکاح میں اس کی نیت نکاح کے بنیادی مقصد کے ہی خلاف ہے لہٰذایہ نکاح صحیح نہیں ہو گا۔
اور اگر (شوہر کے بر خلاف )بیوی یا اس کے اولیاء کی (حلالے کی) نیت ہو تو (پھر نکاح کا کیا حکم ہے) یہ مسئلہ اختلاف ہےاور ابھی تک مجھے دونوں اقوال میں سے زیادہ صحیح کا علم نہیں ہو سکا۔
خلاصہ کلام یہ ہے کہ نکاح حلالہ حرام نکاح ہے اور یہ (عورت کو) پہلے شوہر کے لیے حلال ہونے کا فائدہ نہیں دیتا کیونکہ یہ صحیح نہیں ہے۔(شیخ ابن عثیمین )