سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(61)سوتیلی والدہ کی پہلے خاوند سے جو بیٹی ہے اس سے شادی کرنا

  • 15563
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-27
  • مشاہدات : 1181

سوال

(61)سوتیلی والدہ کی پہلے خاوند سے جو بیٹی ہے اس سے شادی کرنا
السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کیا میرے لیے اپنےوالد کی بیوی کی بیٹی(جو کہ اس کے پہلے خاوند سے ہے) سے شادی کرنا جائز ہے۔جسے میرے والد نے اپنی گود میں پالا ہے مجھے اس میں کوئی حرج محسوس ہوتا ہے کیونکہ وہ میرے والد کی بیوی کی بیٹی ہے اگر ہم شادی کرلیں اور بچے پیدا ہوں تو کیا حکم ہوگا،کیا ایسا کوئی واقعہ سلف صالحین کے دور میں ملتاہے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

آپ کی سوتیلی والدہ کی پہلے خاوند سے جو بیٹی ہے اسے آ پ کے والد کی ربیبہ کہا جائے گا اس لڑکی کی والدہ سے جب آپ کے والد نے شادی کرلی اور ہم بستری بھی کرلی تو یہ لڑکی صرف  آپ کے والد پر حرام ہوگی خواہ اس نے اس لڑکی کی پرورش کی ہو یا نہ کی ہو۔

سلف اور خلف میں سے جمہور علمائے کرام اور ائمہ اربعہ کایہی مسلک ہے اور اللہ تعالیٰ نے جب حرام کردہ عورتوں کا ذکر کیا تو فرمایا:

﴿ وَلا تَنكِحوا ما نَكَحَ ءاباؤُكُم مِنَ النِّساءِ إِلّا ما قَد سَلَفَ ۚ إِنَّهُ كانَ فـٰحِشَةً وَمَقتًا وَساءَ سَبيلًا ﴿٢٢ حُرِّمَت عَلَيكُم أُمَّهـٰتُكُم وَبَناتُكُم وَأَخَوٰتُكُم وَعَمّـٰتُكُم وَخـٰلـٰتُكُم وَبَناتُ الأَخِ وَبَناتُ الأُختِ وَأُمَّهـٰتُكُمُ الّـٰتى أَرضَعنَكُم وَأَخَوٰتُكُم مِنَ الرَّضـٰعَةِ وَأُمَّهـٰتُ نِسائِكُم وَرَبـٰئِبُكُمُ الّـٰتى فى حُجورِكُم مِن نِسائِكُمُ الّـٰتى دَخَلتُم بِهِنَّ فَإِن لَم تَكونوا دَخَلتُم بِهِنَّ فَلا جُناحَ عَلَيكُم وَحَلـٰئِلُ أَبنائِكُمُ الَّذينَ مِن أَصلـٰبِكُم وَأَن تَجمَعوا بَينَ الأُختَينِ إِلّا ما قَد سَلَفَ ۗ إِنَّ اللَّـهَ كانَ غَفورًا رَحيمًا ﴿٢٣وَالمُحصَنـٰتُ مِنَ النِّساءِ إِلّا ما مَلَكَت أَيمـٰنُكُم ۖ كِتـٰبَ اللَّـهِ عَلَيكُم ۚ وَأُحِلَّ لَكُم ما وَراءَ ذٰلِكُم أَن تَبتَغوا بِأَموٰلِكُم مُحصِنينَ غَيرَ مُسـٰفِحينَ ۚ فَمَا استَمتَعتُم بِهِ مِنهُنَّ فَـٔاتوهُنَّ أُجورَهُنَّ فَريضَةً ۚوَلا جُناحَ عَلَيكُم فيما تَرٰضَيتُم بِهِ مِن بَعدِ الفَريضَةِ ۚ إِنَّ اللَّـهَ كانَ عَليمًا حَكيمًا ﴿٢٤﴾...النساء

"ان عورتوں سے نکاح نہ کرو جن سے تمہارے باپوں نے نکاح کیا ہے مگر جوگزرچکاہے یہ بے حیائی کا کام اوربغض کا سبب ہے اور بڑی بُری راہ ہے۔حرام کی گئی ہیں تم پر تمہاری مائیں،تمہاری لڑکیاں ،تمہاری بہنیں،تمہاری  پھوپھیاں،تمہاری خالائیں ،بھائی کی لڑکیاں ،بہن کی لڑکیاں ،تمہاری وہ مائیں جنھوں نے تمھیں دودھ پلایا ہے،تمہاری دودھ شریک بہنیں تمہاری ساس،تمہاری وہ پرورش کردہ لڑکیاں جوتمہاری گود میں ہیں تمہاری ان عورتوں سے جن سے تم دخول کرچکےہو۔ ہاں اگر تم نے ان سے جماع نہ کیا ہوتو تم پر گناہ نہیں تمہارے صلبی سگے بیٹوں کی بیویاں،تمہارا دو بہنوں کو جمع کرلینا،ہاں جو گزر چکا سو گزرچکا۔اور شوہر والی عورتیں الا کہ جو تمہاری ملکیت میں آ جائیں۔اللہ تعالیٰ نے یہ احکام تم پر فرض کردیے ہیں اور ان عورتوں کے سوا اور عورتیں تم پر  حلال کی گئی ہیں کہ انے مال کے مہرسے تم ان سے نکاح کرنا چاہو برے کام سے بچنے کے لیے نہ کہ شہوت رانی کے لیے۔"[1]

لہذا ثابت ہوا کہ ر بیبہ آپ پر حرام نہیں کیونکہ وہ آپ کے والد کی بیوی کی وہ بیٹی ہے جو اس کے پہلے خاوند سے ہے اور آپ سے اس کاکوئی تعلق نہیں اس لیے آپ اس سے بغیر کسی حرج کے شادی کرسکتے ہیں۔

سعودی مستقل فتویٰ کمیٹی سے جب والد کی بیوی کی بیٹی سے شادی کے متعلق سوال کیاگیا تو کمیٹی نے جواب دیا:

مذکورہ بچے کے لیے اس لڑکی سے شادی کرنا جائز ہے خواہ اس کے والد نے اس لڑکی کی والدہ سے شادی ہی کی ہو۔کیونکہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ:

"اور اس کے علاوہ باقی عورتیں تمہارے لیے حلال ہیں۔"

اور مذکورہ(ربیبہ) لڑکی ان عورتوں میں شامل نہیں جو اس سے  پہلے آیت میں بالنص(حرام) ذکر کی گئی ہیں۔اور نہ ہی اس کی حرمت کا سنت نبویہ  صلی اللہ علیہ وسلم   میں کوئی ذکر ملتاہے۔[2](شیخ محمد المنجد)


[1] ۔البقرہ۔22۔24۔

[2] ۔مزید دیکھئے۔الفتاویٰ الجامعہ للمراۃ المسلمۃ(2/600)

ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب

فتاویٰ نکاح و طلاق

سلسله فتاوىٰ عرب علماء 4

صفحہ نمبر 117

محدث فتویٰ

تبصرے