سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(33) حدیث«ان الرقي والتمائم والتولة شرك »اور«من استطاع منكم» میں تطبیق

  • 15162
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-26
  • مشاہدات : 1592

سوال

(33) حدیث«ان الرقي والتمائم والتولة شرك »اور«من استطاع منكم» میں تطبیق
السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
حضرت عبداللہ بن مسعودرضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کویہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا کہ‘‘دم تعویذ اورجادو وغیرہ شرک ہے۔’’اور حضرت جابررضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ‘‘میرے ایک خالوبچھوکے ڈسے ہوئے کو دم کرتے تھے ،رسول اللہ ﷺ نے جب دم سے منع فرمایاتو وہ آپﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اورعرض کیا‘‘یارسول اللہ!آپؐ نے دم کرنے سے منع فرمایا ہے اورمیں بچھو کے ڈسنے سےدم کرتا ہوں۔’’تو آپؐ نے فرمایا‘‘تم میں سے جو کوئی اپنے بھائی کو فائدہ پہنچاسکتا ہوتواسے ضرورفائدہ پہنچانا چاہئے۔’’تودم کے موضوع سے متعلق ان جوازوعدم جوازکی احادیث میں تطبیق کس طرح ہوگی؟نیز اگربیماری میں مبتلا کسی انسان کے سینہ پر قرآنی آیات پر مشتمل تعویذ لٹکا دیا جائے تواس کا کیا حکم ہے؟

الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

جس دم سے منع کیا گیا ہے ،اس سے مراد وہ د م ہے جس  میں شرک ہو یا غیر اللہ کا وسیلہ ہویا ایسے مجہول الفاظ ہوں جن کے معنی معلوم نہ ہوں  اورجو دم ان باتوں سے پاک ہوں وہ شرعا جائز ہیں اورشفاکے عظیم اسباب میں سے ہیں کیونکہ نبی کریم ﷺ کا ارشاد پاک ہے کہ‘‘دم کرنے میں کوئی حرج نہیں بشرطیکہ شرکیہ نہ ہو۔’’نیز آپؐ نے فرمایا کہ‘‘جو کوئی اپنے بھائی کو فائدہ پہنچاسکتا ہوتواسے ضرورفائدہ پہنچانا چاہئے ۔’’ان دونوں احادیث کو امام مسلم رحمۃ اللہ علیہ نے صیح میں بیان فرمایا ہے رسول اللہ ﷺ کا یہ ارشاد بھی ہے کہ‘‘دم صرف نظر بداوربخار کے لئے ہوتا ہے۔’’اس کے معنی یہ ہیں کہ جس قدر ان  دوچیزوں کے لئے  دم زیادہ مناسب اورموجب شفاہے،کسی اورچیز کے لئے نہیں۔نبی کریم ﷺ نے خوددم کیا بھی ہے اورآپؐ نے کروایا بھی ہے ۔بیماروں یا بچوں پر دم کا لٹکانا جائز نہیں کہ لٹکائے ہوئے دم کو تمائم (تعویذ)،حروز(تعویذ)اورجوامع کہا جاتا ہےاور ان کے بارے میں صیح بات یہ ہے کہ یہ حرام اوراقسام شرک میں سے ہیں کہ نبی کریم ﷺ کا ارشاد ہےکہ‘‘جو تعویذلٹکائےاللہ تعالی اس کے کام کو پورا نہ کرے اورجو سیپی لٹکائے اللہ تعالی اس کا کام کو پورا نہ کرے۔’’نبی ﷺ نے یہ بھی فرمایا ہےکہ‘‘جس نے تعویذ لٹکایا اس نے شرک کیا۔’’نیزآپﷺنے یہ بھی فرمایا کہ‘‘دم تعویذ اورجادو وغیرہ شرک ہیں۔’’اس مسئلہ میں علماء کا اختلا ف ہے کہ تعویذ اگر قرآنی آیات یا مباح دعاوں پر مشتمل ہوں توجائز ہیں یا حرام؟صیح بات یہ ہے کہ اس صورت میں بھی تعویذ حرام ہیں اوراس کے دو سبب ہیں(۱)احادیث مذکورہ کا عموم ہر طرح کے تعویذوں کوشامل ہے،خواہ وہ قرآنی ہوں یا غیر قرآنی(۲)ذریعہ شرک کو روکنے کا تقاضا ہے کہ یہ بھی حرام ہوں کہ اگر قرآنی تعویذوں کو جائز قراردیا جائے توان کے  ساتھ دیگر تعویذ بھی خلط  ملط ہوجائیں گے ،معاملہ مشتبہ ہوجائے گااوران تمام تعویذوں کے لٹکانے سے شرک کا دروازہ کھل جائے گا ۔یاد رہے کہ شریعت کا ایک عظیم ترین قاعدہ یہ بھی ہے کہ ان تمام اسباب ووسائل کو  بھی بند کردیا جائے جو شرک اورمعاصی تک پہنچانے والے ہوں۔واللہ ولی التوفیق!

ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب

مقالات و فتاویٰ

ص180

محدث فتویٰ

تبصرے