کیا نماز کے اندر ترتیب قران کے مطابق سورتیں پڑھنی چاہئیے یا آگے پیچھے کر کے بھی پڑھ سکتے ہیں ؟ ہمارے اما م صاحب نماز میں ترتیب قرآن کا لحاظ نہیں رکھتے۔ سورتوں میں تقدیم وتاخیر کر جاتے ہیں ، کیا یہ درست ہے ؟
امام کا موجودہ ترتیب قرآن سے ہٹ کر سورتوں کو نماز میں تقدیم و تاخیر سے پڑھنا درست ہے ۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور سلف صالحین رحمہ اللہ سے اس کا ثبوت ملتا ہے ۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے اپنی صحیح '' باب الجمع بین السورتین فی الرکعة والقراةبالخواتیم و بسورة قبل سورة و باوّل سورة ''کا عنوان قائم کیا ہے ۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ دو سورتیں ایک رکعت میں پڑھنا یا سورتوں کی آخری آیات یا سورتوں کی پہلی آیات پڑھنا جائز ہے یا نہیں ۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے اس کے جواز کیلئے کچھ آثار و احادیث نقل کی ہیں۔