ہمارے ملک میں یہ رواج ہے کہ جب کوئی شخص حج پرجاتاہے تو اس کے گھر والے اس کے لیے خصوصی نشست یا یا پلنگ رکھتے ہیں ، اسے دھوتے ہیں اس پر بستر بچھاتے ہیں اسے خوشبو لگاتے ہیں ، اس کے پاس عطرکی شیشیاں رکھتے ہیں اور کہتے ہیں: اس پر کوئی نہیں بیٹھے گا حتی کہ حاجی صاحب حج سے واپس آکر اس پر تشریف رکھیں، بعد میں چاہے کوئی بیٹھے ۔ گزارش ہے کہ اس رواج کے متعلق ارشاد فرمائیں۔ آپ کا انتہائی شکر یہ۔ اللہ تعالیٰ آپ سے امت اسلامیہ کو فائدہ پہنچائے۔
آپ نے حج کا ارادہ رکھنے والے کے گھر والوں کا جو عمل ذکر کیا ہے کہ وہ چارپائی وغیرہ رکھتے ہیں ۔ اسے دھوتے ، بچھاتے اور معطرکرتے ہیں پھر اس پر لوگوں کو بیٹھنے سے منع کرتے ہیں حتی کہ حاجی واپس آکر اس پر بیٹھے ، اس کے بعد جو چاہے اسے بیٹھنے کی اجازت ہوتی ہے، یہ نئی بدعت ہے اور ایسا قانون بنانا ہے جس کا اللہ نے حکم نہیں دیا ۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایاہے:
’’ کیا ان کے ایسے شریک ہیں جو ان کے لیے ایسا دین مشروع کرتے ہیں جس کی اللہ نے اجازت نہیں دی‘‘
اور نبیﷺ سے ثابت ہے کہ:
’’ جس نے ہمارے دین میں وہ چیز ایجاد کی جو اس میں سے نہیں تو وہ ناقابل قبول ہے۔ ‘‘
’’ جس نے کوئی ایسا عمل کیاجو ہمارے دین کے مطابق نہیں وہ مردود ہے۔‘‘
اس لیے جو شخص وہ کام کرتا ہے جس کا آپ نے ذکر کیا اس کے لیے ضروری ہے کہ اسے ترک کر دے کیونکہ یہ غلط کام ہے او رپہلے جو کر چکا ہے، اس سے اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ کرے۔