سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(139) داڑھی کتروانے والے امام کے پیچھے نماز پڑھنا؟

  • 14243
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-24
  • مشاہدات : 5247

سوال

(139) داڑھی کتروانے والے امام کے پیچھے نماز پڑھنا؟

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

آج کل مولوی، قاری اور حافظ حضرات فیشنی حجامت والے۔ یعنی ڈاڑھی کترانے، انگریزی بالوں والے مختلف مساجد میں نماز تراویح پڑھا رہے ہیں اور اہل حدیث کہلانے والے ان کی اقتدا میں تراویح پڑھ رہے۔ کیا ایسے قاریوں، حافظوں اور مولویوں کو امام نماز مقرر کر کے ان کی اقتدا میں نمازیں پڑھنا جائز ہے؟ اور سنت رسول اللہﷺ کے تارک امام مقرر کرنے جائز ہیں؟ بینواتوجروا (مناظر اسلام حافظ عبدالقادر روپڑی مسجد قدس اہل حدیث لاہور)


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

اس سوال کے جواب سے پہلے مناسب معلوم ہوتا ہے کہ ڈاڑھی کی شرعی حیثیت پر قدرے روشنی ڈال دی جائے تاکہ بات سمجھنے میں آسانی ہو۔ سو واضح ہونا چاہیے کہ داڑھی امور دین میں سے ایک امر دینی اور شعائر اسلام میں سے ایک اسلامی شعار (امتیازی نشان) اور تمام انبیاء علیہم السلام  کی سنت ہے۔ جیسا کہ صحیح مسلم میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے:

۱۔ قالت قال رسول اللہﷺ عَشْرٌ مِّنَ الْفِطْرَةِ قص الشارِبِ وَاِعْفَاءُ اللحية۔۔۔۔۔الحدیث (باب خصال الفطرة: ج۱ص۱۲۹)

’’رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ دس خصلتیں فطرت میں داخل ہیں: مونچھوں کا ترشوانا اور داڑھی کا بڑھانا مسواک کرنا اور ناک کی کلی کرنا وغیرہ۔‘‘

۲۔ عن ابی ھریرة قال رسول اللہﷺ خَالِفُوا الْمَجُوسَ لأَنَّھُمْ کَانُوا یَقْصُرُوْنَ لُحَاھُم وَیَطُولُونَ الشوارب۔ (اخرجه مسلم)

’’حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: حجامت میں مجوسیوں کی مخالفت کرو وہ داڑھیاں مونڈتتے اور مونچھیں بڑھاتے ہیں یعنی تم ڈاڑھی بڑھاؤ مونچھیں کتراؤ۔‘‘

۳۔ عَن أبي هُرَيرة، قَالَ: قَالَ رَسُول اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيه وَسَلَّم: إن أهل الشرك يعفون شواربهم ويحفون لحاهم فخالفوهم فاعفوا اللحى وأحفوا الشوارب. (أخرج البزاربسند حسن)

’’رسول اللہﷺ نے فرمایا: مشرک لوگ اپنی لبیں بڑھاتے ہیں اور ڈاڑھیاں صاف کرتے ہیں تم ان کا خلاف کرو داڑھیاں بڑھاؤ اور لبیں  صاف کرو۔‘‘

۴۔ عن أنس قال قال رسول اللہﷺ إحْفُوا الشَّوَارِبَ وَاعْفُواللحی وَلا تشبھوا بالیھود۔ (اخرجه الطحاوی فی شرح معانی الاثار)

’’رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ  مونچھوں کو کٹواؤ اور داڑھی کو بڑھاؤ اور یہود کے ساتھ مشابہت مت کرو یعنی وہ اس کا الٹ کرتے ہیں کہ مونچھوں کو بڑھاتے اور ڈاڑھی کٹواتے ہیں۔‘‘ ڈاڑھی کٹانا کبیرہ گناہ ہے۔

ڈاڑھی رکھنا واجب ہے:

ان احادیث صحیحہ اور حسنہ سے پتہ چلا کہ داڑھی کٹوانا اور مونچھیں بڑھانا مجوسیوں، مشرکوں اور یہودیوں کی تہذیب ہے اور ہمیں ان کی مخالف کرنے کا حکم ہے۔ پس جو شخص داڑھی صاف کرتا ہے، اور مونچھیں دراز کرتا ہے وہ رسول اللہﷺ اور اہل اسلام کی مخالفت اور یہودومجوس اور اہل شرک کے ساتھ موافقت کا مرتکب ہوتا ہے۔ جبکہ داڑھی رکھنا شرعاً واجب ہے۔

جیسا کہ احادیث صحیحہ مرفوعہ متصلہ کثیرہ اس کے وجوب پر دلالت کرتی ہے۔ امام نووی صحیح مسلم کی شرح میں ارقام فرماتے ہیں:

۱۔ فَحَصَلَ خَمْسُ رِوَايَاتٍ أَعْفُوا وَأَوْفُوا وَأَرْخُوا وَأَرْجُوا وَوَفِّرُوا وَمَعْنَاهَا كُلُّهَا تَرْكُهَا عَلَى حَالِهَا هَذَا هُوَ الظَّاهِرُ مِنَ الْحَدِيثِ الَّذِي تَقْتَضِيهِ أَلْفَاظُهُ وَهُوَ الَّذِى قَالَهُ جَمَاعَةٌ مِنْ أَصْحَابِنَا۔ (نووی: ج۱ص۱۲۹)

کہ حدیث کے راویوں سے مختلف الفاظ میں پانچ روایات مروی ہیں جو کہ پانچوں کی پانچوں صیغہ ہائے امر،۔ یونی اعفوا، اوفواارجوااور دو افراد پر مشتمل ہیں اور امروجوب کے لیے ہوتا ہے بشرطیکہ وہاں کوئی قرینہ صارفہ موجود نہ ہو۔

(اور یہاں کوئی قرینہ صارفہ موجود نہیں) لہٰذا ان پانچوں صیغوں کا معنی یہ ہے کہ داڑھی کو بلا کسی  تعرض کے اس کے حال پر چھوڑ دینا واجب ہے اور یہی معنی متبادر اور ظاہر ہے اور حدیث کے الفاظ بھی اس معنی سے مقتضی ہیں۔

۲۔ امام ابن دقیق داڑھی کا شرعی حکم بیان کرتے ہوئے یہ تصریح فرماتے ہیں:

وقد وردت الاحادیث الکثيرة الصحيحة الصريحة فی الامر باعقاء اللحية اخرجھا ائمة السنة وغیرھم وأصل الامر الوجوب ولا یصرف عنه إلا بدلیل کما ھو مقرر فی علم الاصول۔ (المنھل العذب المورود شرح سنن ابی داؤد: ج۱ص۱۸۶)، والتعلیقات السلفية ج۲ص۲۸۵)

’’صحاح ستہ وغیرہ میں بہت سی احادیث صحیحہ میں داڑھی بڑھانے کا حکم دیاگیا ہے اور علم اصول کے مسلمہ قاعدہ کے مطابق جب کوئی قرینہ صارفہ موجود نہ ہو تو امر کا صیغہ وجوب کا فائدہ دیتا ہے چونکہ یہاں کوئی قرینہ صارفہ موجود نہیں، لہٰذا اصولی طور پر داڑھی کا بڑھانا واجب ٹھہرا۔‘‘

۳۔ امام ابن حزمؒ متوفیٰ ۴۵۲ھ ارقام فرماتے ہیں:

وأما فرض قص الشارب وإعفاء اللحية عن ابن عمر قال رسول اللہﷺ خالفوا الم شرکین إحفوا الشوارب واعلو اللحی۔ (المحلی لابن حزم: ج۲ص۲۲۰)

’’کہ مونچھوں کو ترشوانے اور داڑھ کوبڑھانے کی فرضیت رسول اللہﷺ کی اس حدیث سے ثابت ہے جس میں آپ نے فرمایا ہے کہ مشرکین کی مخالف میں مونچھیں ترشواؤ اور داڑھیوں کو بڑھاؤ۔‘‘

۴۔ الشیخ محمد بن صالح العثیمین داڑھی کے وجوب پر بحث کرتے ہوئے لکھتے ہیں:

ولیس إبقاء اللحية من الامور العادية کما یظنه بعض الناس وإنما ھو من الامور التعبدية التی أمرھا بھا رسول اللہﷺ والأصل فی او او أمر النبیﷺ التعبد والوجوب حتی يَقُومَ الدَّلِيل على خلاف ذَلِك۔ (الضیاع اللامع: ص۱۲۴،۱۲۵)

’’کہ تجدید زدہ اور ترقی گزیدہ لوگوں کا یہ گمان درست نہیں کہ داڑھی رکھنا محض ایک عادت اور رواج تھا۔ کیونکہ یہ سراسر ایک تعبدی امر ہے جس کا رسول اللہﷺ نے حکم دیا ہے اور نبیﷺ کے اوامرتعبد اور وجوب کا حکم رکھتے ہیں بشرطیکہ کوئی مخالف دلیل موجود نہ ہوجو یہاں موجود نہیں لہٰذا داڑھی کابڑھانا واجب ہے۔‘‘

ان احادیث صحیحہ اور جہاندیدہ محدثین اور علمائے اصول کی تصریحات کے مطابق داڑھی کا رکھنا واجب شرعی ہے اور اس کا ترشوانا مشرکوں، مجوسیوں، یہود وہنود اور ملگوں تلگون کا طریقہ ہے جو شریعت کے صریحاً خلاف ہے اور وجوب شرعی کا عملی انکار ہے۔

پس جب داڑھی امور دین سے ایک امر دینی، انبیاء کی سنت، اسلام کا شعار اور شرعاً واجب اور فرض ہے اور ایسے واجب شرعی کے تارک کو فرض نماز اور تراویح کی نماز کا امام مقرر کرنا کیونکر جائز ہوسکتا ہے؟ اور ایسے شخص کو پیش امام مقرر کرنا شریعت کی صریح مخالفت اور وَمَنْ يُشاقِقِ الرَّسُولَ مِنْ بَعْدِ مَا تَبَيَّنَ لَهُ الْهُدى کی شفاعت کا کھلا ارتکاب ہے: کیونکہ امامت کا منصب جلیل اتنا مقدس، اس قدر حساس اور نازک ہے کہ اسلامی شکل وصورت رکھنے والا متقی اور پابند شریعت صحابی رسول اللہﷺ جب قبلہ رخ تھوک بیٹھا تھا تو رسول اللہﷺ نے اس کو امامت کے منصب رفیع سے معزول کر دیا تھا، جیسا کہ احادیث کی کتابوں میں روایات مروی ہیں۔ پڑھئے اور امامت کے منصب کی اہمیت کا اندازہ لگائیے:

عَنِ السَّائِبِ بْنِ خَلَّادٍ أَنَّ رَجُلًا أَمَّ قَوْمًا فَبَصَقَ فِي الْقِبْلَةِ وَرَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَنْظُرُ إِلَيْهِ فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حِينَ فَرَغَ: "لَا يُصَلِّي لَكُمْ" فَأَرَادَ بَعْدَ ذَلِكَ أَنْ يُصَلِّيَ لَهُمْ فَمَنَعُوهُ وَأَخْبَرُوهُ بِقَوْلِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَذُكِرَ ذَلِكَ لِرَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فقَالَ: "نَعَمْ إنک اذیت اللہ ورسولہ۔ (اخرجه ابو داؤد وسکت علی والمنذری۔ عون المعبود (ج۱ص۱۸۱ ونیل الاوطار ج۳ص۱۸۶ باب ما جاء فی امامة الفاسق)

یعنی ایک شخص نے نماز پڑھاتے ہوئے قبلہ کی طرف تھوک دیا جب کہ نبی کریمﷺ دیکھ رہے تھے۔ اس پر آپﷺ نے فرمایا کہ تمہیں یہ شخص دوبارہ نماز نہ پڑھائے۔ چنانچہ جب وہ امام دوبارہ جماعت کرانے کے لیے تیار ہوا تو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے اس کی اقتدا میں نماز پڑھنے سے انکار کرتے ہوئے اسے بتایا کہ رسول اللہﷺ نے آپ کو امامت سے معزول کر دیا ہے، لہٰذا اب آپ ہمارے امام نہیں بن سکتے، تو اس شخص نے رسول اللہﷺ سے رابطہ قائم کیا تو آپﷺ نے ہاں میں جواب دیتے ہوئے فرمایا کہ آپ نے قبلہ کی جانب تھوک کر اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کو تکلیف دی ہے۔ لہٰذا آپ امامت کے اہل نہین رہے۔

یہ حدیث ابن حبان میں بھی مروی ہے۔ دیکھئے زوائد ابن حبان ص۲۰۳۔

دوسری حدیث:

عَنْ عَبْدِ اللهِ بْنِ عَمْرٍو، [ص:44] قَالَ: أَمَرَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ رَجُلًا يُصَلِّي لِلنَّاسِ صَلَاةَ الظُّهْرِ، فَتَفَلَ فِي الْقِبْلَةِ وَهُوَ يُصَلِّي لِلنَّاسِ، فَلَمَّا كَانَ صَلَاةُ الْعَصْرِ أَرْسَلَ إِلَى آخَرَ، فَأَشْفَقَ الرَّجُلُ الْأَوَّلُ، فَجَاءَ إِلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَ: يَا رَسُولُ أَنَزَلَ فيَّ؟، قَالَ: «لَا، وَلَكِنَّكَ تَفَلْتَ بَيْنَ يَدَيْكَ، وَأَنْتَ تَؤُمُّ النَّاسَ، فَآذَيْتَ اللهَ وَمَلَائِكَتَهُ» (رواہ الطبرانی فی الکبیر باسناد یعید، عون المعبود: ج۱ص۱۸۱)

’’یعنی ظہر کی نماز پڑھانے کے لیے رسول اللہﷺ نے ایک آدمی کو مقرر فرمایا تو اس نے نماز پڑھاتے ہوئے اپنے سامنے یعنی قبلہ رخ تھوک دیا۔ اس پر رسول اللہﷺ نے اس کے اس غلط فعل کی وجہ سے عصر کی نماز کے لیے ایک دوسرے آدمی کو حکم دیا۔ جب اس آدمی نے آپ سے اپنی معزولی کی وجہ پوچھی تو آپﷺ نے فرمایا: تو نےنماز کے دوران قبلہ رو تھوک کر اللہ اور اس کے ملائکہ کو تکلیف دی ہے۔‘‘

ان دونوں احادیث سے ثابت ہوا کہ جب آپ نے اپنے صحابی کو اس غلطی (قبلہ رخ تھوکنا) جو کہ داڑھی ترشوانے اور انگریزی حجامت کے مقابلہ میں بالکل معمولی اور نہ ہونے کے برابر غلطی ہے کی وجہ سے امامت سے ہٹا دیا تھا تو پھر انگریزی بالوں والا اور داڑھی ترشوانے والا حافظ، قاری اور فیشنی مولوی امامت کا اہل کیسے ہوسکتا ہے۔ حق امامت صرف متقی پابند شریعت، افضل اور بہتر آدمی کو ہی پہنچتا ہے۔

تیسری حدیث:

عن مَرْثَدٍ الْغَنَوِيِّ عَنْهُ - صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ -: «إنْ سَرَّكُمْ أَنْ تُقْبَلُ صَلَاتُكُمْ فَلْيَؤُمَّكُمْ خِيَارُكُمْ، فَإِنَّهُمْ وَفْدُكُمْ فِيمَا بَيْنَكُمْ وَبَيْنَ رَبِّكُمْ» (اخرجه الحاکم فی ترجمةمرثد الغنوی۔ نیل الاوطار: ج۳ص۱۸۶)

’’اگر تمہیں یہ پسند ہے کہ تمہاری نمازیں مقبول ہوں تو پھر تمہارے لیے ضروری ہے کہ تمہارے پیش امام سب سے بہتر اور پابند شریعت ہوں کیونکہ امام نماز تمہارے درمیان اور اللہ کے درمیان سفیر اور نمائندہ ہوتا ہے۔‘‘

چوتھی حدیث:

عن ابن عباس قال قال رسول اللہﷺ إِجْعَلُوْا أَئِمَّتَکُمْ خِیَارَکُمْ فَإِنَّھُمْ وَفْدُکُم بَیْنَکُمُ وَبَیْنَ رَبِّکُم۔ (رواة الدار قطنی وفی اسناده سلام بن سلیمان وھو ضعیف کذا فی نیل الاوطار ج۳ص۱۸۴)

’’رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ اپنا امام صلوۃ اپنے میں سے نیک اور اچھے آدمیوں کو بناؤ کیونکہ امام تمہارے اور اللہ تعالیٰ کے درمیان تمہاری نمائندگی کرتے ہیں۔‘‘

اور ظاہر ہے کہ نمائندگی اس کی قبول ہوتی ہے جو شخص قوم اور سلطان دونوں کے معیار پر پورا اترتا ہو۔ جب نمازیوں کا نمائندہ اللہ تعالیٰ اور رسول اللہﷺ کا نافرمان اور سنت رسول اللہﷺ کا چور ہوگا تو اس کی نمائندگی کیونکر قبول ہوگی؟

خلاصہ بحث یہ کہ داڑھی چونکہ امور دینیہ میں سے ایک شعار، تمام پیغمبروں کی سنت دائمہ اور ثابتہ ہونے کے ساتھ ساتھ ہماری شریعت میں اس کا رکھنا اور بڑھانا واجب شرعی ہے۔ لہٰذا اس کو منڈانے والا، ترشوانےوالا چونکہ واجب شرعی کا تارک ہے ، لہٰذا ایسے فاسق اور نافرمان اور گستاخ رسول اللہﷺ کو فرائض اور نوافل (تراویح وغیرہ) امام مقرر کرنا اللہ تعالیٰ اور رسول اللہﷺ کے واضح احکام وفرامین کی کھلی نافرمانی ہے اور داڑھی کے چوروں کی حوصلہ افزائی بھی ہے جو کہ مزید برآں جرم عظیم ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو ہدایت دے اور سنت رسول کی پوری پوری پابندی کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!

ھذا ما عندي واللہ أعلم بالصواب

فتاویٰ محمدیہ

ج1ص442

محدث فتویٰ

تبصرے