السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
اسلامی دن کا آغاز مغرب کے بعد ہو تا ہے یا عشاء کے بعد؟ ہم نے کسی عالم سے سنا ہے کہ اسلامی دن کا آغاز عشاء کے بعد ہو تا ہے۔ اس سلسلہ میں ہماری راہنمائی فرمائیں۔
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
چوبیس گھنٹوں کا یوم ایک دن اور ایک رات پر مشتمل ہو تاہے۔ عرف عام میں دن کا آغاز طلوع آفتاب سے ہوتا ہے جبکہ اسلامی دن کا آغاز طلوع فجر سے غروب آفتاب تک ہے، کیونکہ اسلامی طور پر روزے کی ابتدا طلوع فجر سے ہو تی ہے اور اس کی انتہا غروب آفتاب سے، جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
’’فجر کے وقت جب سفید دھاری، سیاہ دھاری سے واضح طور پر نمایاں نہ ہو جائے تو تم کھائو اور پیو، پھر رات تک اپنے روزے کو پورا کرو۔‘‘ [۲/البقرہ:۱۸۷]
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ایک فرمان کے پیش نظر روزے کی انتہا غروب آفتاب تک ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اسلامی دن طلوع فجر سے غروب آفتاب تک ہے، نیز اسلامی یوم میں رات پہلے ہو تی ہے، جیسا کہ غروب آفتاب کے بعد اگر چاند نظر آجائے تو وہ رات اگلے دن میں شمار ہو تی ہے۔ بہر حال اسلامی یوم کا آغاز غروب آفتاب کے بعدہے، عشاء کے بعد دن کا آغاز ایجاد بندہ ہے۔ اس کی عقلی یا نقلی کوئی دلیل نہیں ہے۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب