سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(469) بچوں کے نام رکھتے وقت عبد کے ساتھ اللہ کا نام لگانا

  • 12488
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-25
  • مشاہدات : 1659

سوال

(469) بچوں کے نام رکھتے وقت عبد کے ساتھ اللہ کا نام لگانا

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

ہمارے ہاں عام طور پر بچوں کا نام رکھتے وقت اللہ تعالیٰ کے نام سے پہلے عبد یا محمد کا لفظ لگا لیتے ہیں، جیسے عبدالوارث اور محمد وارث وغیرہ، شہنشاہ فارسی زبان کا لفظ ہے جس کا معنی بادشاہوں کا بادشاہ ہے۔ اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ اگر بچے کا نام محمد شہنشاہ رکھ لیا جائے تو درست ہے یا نہیں؟ کتاب و سنت کی روشنی میں جواب دیں۔


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

واضح رہے کہ نام کا شخصیت کے ساتھ گہرا تعلق ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم  نے بعض ناپسندیدہ ناموں کو تبدیل فرمایا، چنانچہ حضرت زینب رضی اللہ عنہا  کے متعلق حدیث میں ہے کہ ان کا نام ’’برہ ‘‘تھا جسے آپ نے تبدیل کرکے زینب رکھا کیونکہ اس میں خود نمائی اور تقدس کا اظہار ہوتا ہے۔     [صحیح بخاری، الادب: ۶۱۹۲]

جن لوگوں نے رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم  کے کہنے پر نام تبدیل نہ کیا عمر بھر کف افسوس ملتے رہے۔    [صحیح بخاری،۶۱۹۳]

رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم  کا ارشاد گرامی ہے کہ ’’اللہ کے ہاں پسندیدہ نام عبداللہ اور عبدالرحمن ہیں کیونکہ ان میں اللہ کے لئے بندہ کی طرف سے عاجزی ، درماندگی اور عبودیت کا اظہار ہے، نیز حضرات انبیاf کے نام بھی اللہ تعالیٰ کو بہت پسند ہیں، خود آپ نے اپنے بیٹے کا نام ابراہیم رکھا۔ امام بخاری رحمہ اللہ  نے اپنی صحیح میں دو الگ الگ عنوان قائم کئے ہیں۔ [کتاب الادب، باب نمبر۱۰۵۔۱۰۹]

ان احادیث کے پیش نظر والدین کوچاہیے کہ وہ اپنے بچوں کا نام ایسا رکھیں جس میں عبودیت اور بندگی کا اظہار ہو یا حضرات انبیاعلیہم السلام کے نام پر ان کے نام رکھے جائیں یا معنوی لحاظ سے خوبصورت ہوں۔

واضح رہے کہ اللہ تعالیٰ کے بعض نام ایسے ہیں جوذات باری تعالیٰ کے لئے خاص ہیں، مثلا: الصمد اور الرحمن وغیرہ ان سے پہلے محمد یا احمد لگانا صحیح نہیں ہے، البتہ ایسے صفاتی نام جو بندے کے لئے ہیں اور ان سے پہلے محمدیا بعد میں احمد بطور تبرک ہو گا، اگرچہ معنوی اعتبار سے ایسا کرنا صحیح نہیں ہے۔

صورت مسئولہ میں محمد شہنشاہ نام درست نہیں ہے کیونکہ حدیث میں ہے کہ اللہ تعالیٰ کے ہاں بد ترین انسان وہ ہے جو اپنا نام ’’ملک الاملاک‘‘ رکھتا ہے۔     [صحیح بخاری، الادب:۶۲۰۵]

حدیث کے راوی حضرت سفیان نے کہا ہے کہ ’’ملک الاملاک‘‘ یہ خاص اللہ کی صفت ہے، بندہ اس سے پہلے غلام یا عبد لگائے تو صحیح ہو سکتا ہے، اس لئے محمد شہنشاہ نام درست نہیں ہے اگر کسی نے یہ نام رکھا ہے تو اسے تبدیل کرکے اس کی جگہ کوئی اور بہترین نام رکھ لینا چاہیے۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد:2 صفحہ:460

تبصرے