سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(320) خاوند کا بیوی کو طلاق دیے بغیر چھوڑ دینا

  • 12311
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-25
  • مشاہدات : 1230

سوال

(320) خاوند کا بیوی کو طلاق دیے بغیر چھوڑ دینا

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

میری بیٹی کواس کے خاوند نے عرصہ چھ سال سے چھوڑرکھا ہے۔ ہم نے صلح کے لئے بہت کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہوسکے ،بلکہ اس کاکہنا ہے میں نہ تواسے گھر لاناچاہتا ہوں اورنہ ہی قیامت تک اسے آزاد کروں گا، ایسے حالات میں مجھے میری بچی کے متعلق شرعی فتویٰ دیاجائے تاکہ میں اسے کہیں آباد کر سکوں؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

بیوی کے ساتھ ایساسلوک کرناکہ وہ عملاًبے شوہر ہوکررہ جائے ایسی بیوی کو’’معلقہ ‘‘کہاجاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ایساکرنے سے منع فرمایا ہے، ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’ان کے ساتھ بھلے طریقہ سے زندگی بسر کرو۔‘‘    [۴/النسآء :۱۹]

نیزفرمان الٰہی ہے کہ ’’تم اپنی بیویوں کومحض ستانے کی خاطر مت روکے رکھویہ تمہاری زیادتی ہے جوایساکرے گا وہ خود اپنے آپ پرظلم کرنے والاہے‘‘۔     [۲/البقرہ :۲۳۱]

ان آیات کے پیش نظر خاوند بہت ظلم اورزیادتی کاارتکاب کر رہا ہے، چاہیے تویہ تھا کہ وہ اپنی بیوی کے حقوق اد ا کرتا اور اس کے نان ونفقہ اوردیگراخراجات کی ذمہ داری اٹھاتایااسے طلاق دے کرآزاد کردیتا تاکہ وہ باعزت طورپر باقی ماندہ زندگی بسر کرسکے لیکن خاوند کسی صورت راضی نہیں ہے بلکہ اپنی بیوی کومعلقہ بناکرچھوڑناچاہتا ہے جو صریح زیادتی ہے چونکہ یہ صورت حال لڑکی کے لئے ناقابل برداشت ہے اوراللہ تعالیٰ نے کسی پرتنگی کوروانہ رکھااورنہ ہی کسی کواس کی طاقت سے زیادہ تکلیف دیتا ہے، لہٰذا ایسے حالات میں بیوی کوفسخ نکاح کا حق ہے لیکن جدائی کامعاملہ نکاح سے زیادہ نازک ہے۔ جب نکاح سرپرست کے بغیروہ خودبخود نہیں کرسکتی توجدائی اپنے آپ کیونکر درست ہوسکتی ہے۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ عدالت کی طرف رجوع کرے ،یونین کونسل اور پنچائت کے ذریعہ بھی اس مسئلہ کوحل کیاجاسکتا ہے۔ صرف اس فتویٰ کوبنیادبناکرعلیحدگی اختیارکرنا،پھر آگے نکاح کردیناکسی صورت درست نہیں ہے۔ مفتی کاکام کسی کے لئے اس کے حق کوثابت کرنا ہے حق دلواناعدالت کاکام ہے۔ بلاشبہ فسخ نکاح ایسے حالات میں لڑکی کاحق ہے لیکن اسے حق عدالت یا پنجائت کے ذریعے ہی مل سکتا ہے، لہٰذاضروری ہے کہ علیحدگی اختیار کرنے کے لئے دونوں میں کسی کولایاجائے۔   [واللہ اعلم]

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد:2 صفحہ:333

تبصرے