سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(295) وٹہ سٹہ کی شادی کے متعلق شرعی حکم

  • 12286
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-25
  • مشاہدات : 1398

سوال

(295) وٹہ سٹہ کی شادی کے متعلق شرعی حکم

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

شرعی طورپر وٹہ سٹہ کی شادی کے متعلق کیاحکم ہے ؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

وٹہ سٹہ کی دوصورتیں ہیں کہ کسی شخص نے اپنے بھائی کواپنی بیٹی کارشتہ دے دیا ،اس کے بعد اس نے اپنی بیٹی کا رشتہ اپنے بھائی کے بیٹے سے کردیا،نکاح کرتے وقت کوئی شرط وغیرہ نہیں رکھی گئی ،اس کے جائز ہونے میں کوئی شبہ نہیں ہے ،دوسری قسم وٹہ سٹہ ارادی ہے، یعنی نکاح کرتے وقت یہ شرط کرلی جائے تم اپنی بیٹی کارشتہ میرے بیٹے سے کروگے ،اسے شریعت کی اصطلاح میں ’’شغار‘‘ کہتے ہیں۔ شرعی طورپرایسا کرنا ناجائز اورحرام ہے۔ حدیث میں بیان ہے کہ شغار کااسلام میں کوئی وجودنہیں ہے۔ [صحیح مسلم ،النکاح : ۳۴۶۸]

 رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم نے نکاح شغار سے منع کیا ہے     [صحیح بخاری، النکاح:۵۱۱۲]

حدیث میں شغار کی تعریف بایں الفاظ کی گئی ہے: ’’کوئی آدمی اپنی بیٹی کانکاح اس شرط پر کرے کہ دوسرابھی اپنی بیٹی کانکاح اس سے کرے گا اوردرمیان میں کوئی حق مہر نہ ہو۔‘‘     [صحیح بخاری، الحیل :۶۹۶۰]

                بعض علما کاخیا ل ہے کہ اگردرمیان میں مہر رکھ دیا جائے تونکاح شغار کے دائرہ سے نکل جاتا ہے، حالانکہ اس تعریف میں حق مہرکاذکراتفاقی ہے احترازی نہیں ہے، جیسا کہ ایک اور حدیث میں ہے کہ عباس بن عبداللہ  رضی اللہ عنہ نے اپنی بیٹی کانکاح عبدالرحمن بن حکم سے کردیا اور عبدالرحمن نے اپنی بیٹی عباس بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کے عقد میں دے دی ،انہوں نے درمیان میں مہر بھی رکھا،حضرت امیرمعاویہ  رضی اللہ عنہ کوجب اس نکاح کاعلم ہواتو انہوں نے اپنے گورنر مروان کومدینے میں خط بھیجا کہ ان کے درمیان فوراًتفریق کرادی جائے کیونکہ یہ وہی شغار ہے جس سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا تھا۔      [ابوداؤد ،النکاح :۲۰۷۵]

                جب معاشرتی طورپر نکاح شغار کودیکھا جاتا ہے کہ مہر ہونے یا نہ ہونے سے اس کی قباحت پرکوئی اثر نہیں پڑتا ،کیونکہ جب خرابی پیدا ہوتی ہے تودونوں گھراجڑجاتے ہیں، حالانکہ قصور ایک کاہوتا ہے اوردوسرا بلاوجہ زیادتی کے لئے تختہ مشق بن جاتاہے، لہٰذا اس قسم کے نکاح سے اجتناب کرنا چاہیے، اگرچہ احناف کاموقف ہے کہ اگر اس قسم کانکاح ہوجائے تودرمیان میں حق مہر رکھنے کے بعد اسے سند جواز مہیا کی جاسکتی ہے لیکن اس قسم کی حیلہ گری کااسلام میں کوئی وجود نہیں ہے۔وٹہ سٹہ کانکاح سرے سے منعقد نہیں ہوتا۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد:2 صفحہ:311

تبصرے