السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
اکثرعلما سے سنا ہے کہ ٹوتھ پیسٹ یاٹوتھ پاؤڈر استعما ل کرنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے کتاب وسنت کی روشنی میں اس کے متعلق وضاحت کریں ؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
بعض چیزیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد مبارک میں نہ تھیں اورنہ ہی صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے وقت ان کاوجودتھا، انسانوں نے انہیں اپنے فائدہ کے لئے ان زریں ادوار کے بعدایجاد کیا ہے۔ ان میں سے ٹوتھ پیسٹ اورٹوتھ پاؤڈر (منجن )ہے۔ روزے کی حالت میں ان کے استعمال کے متعلق شرعی حکم جاننے کے لئے اشباہ اورنظائر کوسامنے رکھنا ہوگا ۔ہم اسے مسواک پر قیاس کرتے ہیں بحالت روزہ مسواک کے متعلق امام بخاری رحمہ اللہ نے ایک باب بایں الفاظ قائم کیاہے: ’’روزے دار کے لئے تازہ یاخشک مسواک کا حکم۔‘‘ پھرامام بخاری رحمہ اللہ نے حضرت عامر بن ربیعہ رضی اللہ عنہ سے ایک روایت کی ہے ۔انہوں نے فرمایا کہ میں نے متعددمرتبہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کوروزہ کی حالت میں مسواک کرتے دیکھا تھا ۔اس روایت کوامام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے متصل سند سے بیان کیاہے ۔ [مسند امام احمد ، ص:۴۴۶، ج ۳]
اس سلسلہ میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے آثار بھی نقل کئے ہیں، چنانچہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کے متعلق بیان کیا ہے کہ وہ روزے کی حالت میں دن کے شروع اورآخروقت میں مسواک کرتے تھے ،لیکن اس سے پیداہونے والے لعاب کونہیں نگلتے تھے۔ مصنف ابن ابی شیبہ میں ہے کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما نماز ظہر کے لئے جانے کاارادہ کرتے توروزے کی حالت میں مسواک کرتے ، اسی طرح امام ابن سیرین رحمہ اللہ کے متعلق ہے کہ ان کے پاس ایک آدمی آیا اورکہنے لگا کہ روزے دار کے متعلق مسواک کرنا شرعاًکیسا ہے؟ آپ نے فرمایا اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔ وہ کہنے لگا کہ اس کی تازہ شاخ میں ذائقہ ہوتا ہے ۔ آپ نے فرمایا کہ پانی کابھی ذائقہ ہوتا ہے جبکہ اس سے وضو کیاجاتا ہے۔ [فتح الباری ،ص:۱۹۷،ج۴ ]
ان آثار کوسامنے رکھتے ہوئے ہماراموقف ہے کہ روزہ دار بوقت ضرورت ٹوتھ پیسٹ یاٹوتھ پاؤڈر استعمال کرسکتا ہے لیکن یہ احتیاط کریں کہ اس سے پیداہونے والا لعاب حلق کے نیچے نہ جانے دے۔ اگرچہ اس کاذائقہ ہوتا ہے، تاہم مسواک کی انواع کودیکھتے ہیں کہ ان کے بھی مختلف ذائقے ہوتے ہیں، مثلاً: پیلوکی مسواک نمکین ،نیم کی کڑوی ،شیشم کی میٹھی اورکیکر کی مسواک کسیلی ہوتی ہے۔ اگرروزہ کی حالت میں مختلف ذائقوں والی مسواک کی جاسکتی ہیں توذائقے دارٹوتھ پیسٹ یامنجن کے استعما ل میں کیاحرج ہے۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما کے متعلق بیان کیاہے کہ وہ فرماتے ہیں کہ روزے کی حالت میں ہنڈیا کاذائقہ چکھا جاسکتا ہے۔ مصنف ابن ابی شیبہ نے اس اثر کومتصل سند سے بیان کیا ہے ۔ [فتح الباری، ص:۱۹۷، ج ۴]
اس لئے ٹوتھ پیسٹ ذائقہ دارہونے کے باوجود بحالت روزہ استعمال کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے، البتہ استعمال کرتے وقت یہ احتیاط ضرورکی جائے کہ اس کا لعاب حلق کے نیچے نہ اترنے پائے کیونکہ ممکن ہے معدے میں چلاجائے اوراس سے روزہ خراب ہوجائے ۔ [واللہ اعلم ]
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب