سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(188) حج کی ادائیگی سے پہلے عمرہ کرنے کا حکم

  • 12173
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-25
  • مشاہدات : 1294

سوال

(188) حج کی ادائیگی سے پہلے عمرہ کرنے کا حکم

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

حج کی ادائیگی سے پہلے عمرہ کرنے کے کیااحکام ہیں تفصیل سے تحریر کریں؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

عمرہ کے طریقہ کے لئے بازار سے مستندکتب دستیاب ہیں۔ مختصر اس کے مراحل حسب ذیل ہیں :

٭  میقات سے ا حرام باندھنا ،احرام کی دوچادریں ہوتی ہیں۔ ایک کواوڑھ لیاجائے اوردوسری کوپہن لیاجائے ۔احرام باندھتے وقت دونوں کندھے ڈھانپ لئے جائیں۔

٭  ’’اَللّٰہُمَّ لَبَّیْکَ عُمْرَۃً‘‘ کہہ کر نیت کی جائے، پھرحسب ذیل تلبیہ کہتے رہناچاہیے: ’’لَبَّیْکَ اللّٰھُمَّ لَبَّیْکَ لاَ شَرِیْکَ لَکَ لَبَّیْکَ اِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْمَۃَ لَکَ لاَ شَرِیْکَ لَکَ۔‘‘

٭  مسجد احرام میں داخل ہوتے وقت یہ دعاپڑھی جائے: ’’اَللّٰھُمَّ افْتَحْ لِیْ اَبْوَابَ رَحْمَتِکَ‘‘

٭  طواف شروع کرنے سے پہلے دایاں کندھا ننگا کرلیا جائے۔

٭  حجراسود کے سامنے کھڑے ہو کر ’’بِسْمِ اللّٰہِ اَللّٰہُ اَکْبَرُ‘‘ کہاجائے ،ممکن ہوتوحجر اسود کوبوسہ دیاجائے یااسے ہاتھ لگا کر چوم لیا جائے یاصرف ہاتھ سے اشارہ کردیاجائے ۔

٭  بیت اللہ کے سات چکر لگائے جائیں، پہلے تین چکر آہستہ آہستہ دوڑکرلگائے جائیں، عورتیں اس سے مستثنیٰ ہیں۔

٭  پہلے تین چکروں کے بعد دونوں کندھے ڈھانپ لئے جائیں ہرچکر کی کوئی خاص دعا حدیث سے ثابت نہیں۔

٭  ہر چکر میں رکن یمانی کوہاتھ لگائیں اگرممکن نہ ہوتوویسے ہی گزرجائیں ۔

٭  رکن یمانی اورحجر اسود کے درمیان مندرجہ ذیل دعا پڑھیں۔ ’’رَبَّنَا اٰتِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَۃً وَّ فِی الْآخِرَۃِ حَسَنَۃً وَّقِنَا عَذَابَ النَّارِ۔‘‘

٭  سات چکر مکمل کرنے کے بعد مقام ابراہیم کے پاس دورکعت نمازبرائے طواف اد اکریں۔

٭  آب زمزم سیر ہوکر پئیں ،اگر موقعہ ملے توپھرحجراسود کوچومیں یاہاتھ لگائیں۔

٭  ممکن ہو تو ملتزم سے چمٹ کرخوب دعائیں کریں، پھرسعی کے لئے صفا کا رخ کریں۔

٭  صفا پر چڑھ کرقبلہ کی طرف منہ کر کے تین مرتبہ اللہ اکبر کہیں، پھر تین مرتبہ مندرجہ ذیل دعا پڑھیں: ’’لاَ اِلَہَ اِلاَّ اللّٰہُ وَحْدَہُ لاَ شَرِیْکَ لَہٗ لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُ یُحْیِیْ وَیُمِیْتُ وَھُوَ عَلٰی کُلِّ شَيْئٍ قَدِیْرٌ، لاَ اِلَہَ اِلاَّ اللّٰہُ وَحْدَہُ اَنْجَزَ وَعْدَہُ وَنَصَرَ عَبْدَہُ وَھَزَمَ الْاَحْزَابَ وَحْدَہُ‘‘ پھر حسب ضرورت دعا پڑھیں۔

٭  صفا سے نیچے اترکر چلناشروع کریں۔ جب سبزرنگ کی لائٹ کے پاس پہنچیں تودوسری سبز لائٹ تک صرف مرد ذرا تیز دوڑیں، پھر مروہ پرپہنچ کروہی کچھ کریں جو صفا پر کیا تھا۔

٭  صفا سے مروہ تک ایک چکر ہوتا ہے۔ اس طرح کل سات چکر پورے کریں ۔

٭  سعی کرنے کے بعد اپنے بال منڈوائیں یاکتروائیں لیکن منڈواناافضل ہے اس کے بعد احرام کھول دیں ۔

٭  اب عمرہ مکمل ہوچکاہے۔ اپنے معمول کے کپڑے پہن لیں ۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد:2 صفحہ:225

تبصرے