سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(177) زکوٰۃ کی رقم سے حج کرنا

  • 12162
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-26
  • مشاہدات : 989

سوال

(177) زکوٰۃ کی رقم سے حج کرنا

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

ایک آدمی حج کرناچاہتا ہے لیکن اس کے پاس صرف پچاس ہزار روپے تھے جوفریضہ حج کی ادائیگی کے لئے کافی نہیں ، چندمخیر حضرات نے زکوٰۃ سے اس کی بقیہ رقم پوری کردی ،اس شخص کی حج کے لئے درخواست منظورہوگئی لیکن وہ حج پر جانے سے پہلے فوت ہوگیا ،اب دریافت طلب امریہ ہے کہ حج کے لئے بینک میں جمع شدہ رقم کی کیاحیثیت ہوگی کیاوہ تمام رقم زکوٰۃ شمارہوگی یامرحوم کاترکہ خیال کیاجائے گا یاصرف وہی رقم زکوٰۃ شمار ہوگی جومخیر حضرات نے زکوٰۃ سے دی تھی۔قرآن و حدیث کے مطابق اس کا جواب دیں تاکہ ہماری الجھن دور ہو جائے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

بشرط صحت سوال واضح رہے کہ صورت مسئولہ میں مذکورہ آدمی کے پاس جورقم پہلے سے موجود تھی اورجومخیر حضرات نے مال زکوٰۃ سے اسے دی سب اس کی ذاتی شمار ہوگی اوراس کے فوت ہونے کے بعد اس کے ورثاء اس ترکہ کے حقدار ہیں۔ اس میں زکوٰۃ اورغیرزکوٰۃ کی تمیز نہیں ہوگی ۔کیونکہ صدقہ وخیرات جب اپنے مقام پرپہنچ جاتا ہے تو اس کے احکام بدل جاتے ہیں اورلینے والے کے لئے ذاتی ملکیت بن جاتی ہے، پھروہ اس میں جیسے چاہے تصرف کرسکتا ہے۔ جیساکہ حدیث میں ہے کہ رسول  اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم  کے پاس کچھ گوشت لایا گیا دریافت کرنے پربتایا گیا کہ یہ حضرت بریرہ  رضی اللہ عنہما پرصدقہ کیاگیا تھا۔ رسو ل اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے متعلق فرمایا :’’یہ گوشت بریرہ کے لئے صدقہ تھا اورہمارے لئے ہدیہ ہے ۔‘‘     [صحیح بخاری ،الھبہ :۲۵۷۷]

                 حضرت بریرہ  رضی اللہ عنہما  نے وہ گوشت ہدیہ کے طور پرآپ کے گھربھیجاتھا ۔اس لئے آپ نے اسے اپنے لئے ہدیہ قراردیا۔ اسی طرح ایک واقعہ حضرت ام عطیہ رضی اللہ عنہا  کے متعلق بھی مروی ہے کہ آپ نے اسے قبول کرتے ہوئے فرمایاتھا یہ گوشت اپنے مقام پرپہنچ چکا ہے۔     [صحیح بخاری ،الھبہ : ۲۵۴۷۹]

                اس پرامام بخاری  رحمہ اللہ نے یوں باب قائم کیا ہے: ’’جب صدقہ کی حیثیت تبدیل ہو جائے‘‘ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ اس حدیث کی تشریح کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ صدقہ جب فقیر کے پاس پہنچ جاتا ہے تو اس میں اس کے لئے تصرف کرناجائز ہے، یعنی اسے فروخت کرنایاکسی دوسرے کوہبہ کرناجائز ہے۔     [فتح الباری ،ص ۴۴۹،ج ۳]

مذکورہ سوال کی وجہ سے جورقم مخیرحضرات نے بطورزکوٰۃ اسے دی تھی اب وہ اس کی ملکیت شمارہوگی ،اس کے مرنے کے بعد اس تمام رقم میں وراثت کاقانون جاری ہو گا۔    [واللہ اعلم ]

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد:2 صفحہ:218

تبصرے