سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(118) دوسری رکعت کے لیے ہاتھوں کے سہارے اٹھنا چاہیے مٹھی بند کرکے؟

  • 12073
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-26
  • مشاہدات : 1729

سوال

(118) دوسری رکعت کے لیے ہاتھوں کے سہارے اٹھنا چاہیے مٹھی بند کرکے؟

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

دوسری رکعت کے لئے ہاتھوں کے سہارے اٹھناچاہیے یامٹھی بند کر کے۔ کتاب وسنت کے حوالے سے اٹھنے کی کیفیت کو وضاحت سے بیان کریں؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

دوسری رکعت کے لئے اٹھتے وقت کچھ لوگ اپنے دونوں ہاتھوں پرٹیک لگاکراٹھنے کے بجائے سیدھے تیر کی طرح اٹھتے ہیں اوربطوراستدلال یہ حدیث پیش کرتے ہیں کہ رسول  اللہ   صلی اللہ علیہ وسلم  اپنے دونوں ہاتھوں پرٹیک لگائے بغیر تیر کی مانند اٹھتے تھے لیکن یہ حدیث من گھڑت اورموضوع ہے کیونکہ اس کی سند میں خصیب بن حجدرنامی ایک راوی کذاب ہے۔[مجمع الزوائد: ۲/۱۳۵]

                نیز یہ روایت صحیح بخاری کی اس حدیث کے بھی خلاف ہے ،جس میں صراحت کیساتھ یہ بیان ہے کہ رسول  اللہ   صلی اللہ علیہ وسلم   جب دوسرے سجدے سے اپنا سرمبارک اٹھاتے توبیٹھتے، زمین پرٹیک لگاتے، پھردوسری رکعت کے لئے کھڑے ہوتے ،اب سوال یہ ہے کہ زمین پرٹیک لگاکراٹھتے وقت ہاتھوں کی کیفیت کیاہوگی،کیاکھلے ہاتھوں اٹھنا چاہیے یامٹھی بند کرکے کھڑے ہوناچاہیے ،اس کے متعلق ازرق بن قیس  رضی اللہ عنہ کابیان ہے کہ میں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کودیکھا کہ وہ نماز میں جب (دوسری رکعت کے لئے ) کھڑے ہوتے تو آٹا گوندھنے والے کی طرح مٹھی بند کرکے زمین پرٹیک لگاکرکھڑے ہوتے ،میں نے ان سے اس کے متعلق سوال کیا توآپ نے فرمایا میں نے رسول  اللہ   صلی اللہ علیہ وسلم  کوایسا کرتے دیکھا ہے ۔     [غریب الحدیث لابی اسحاق الحربی :۲/۵۲۵]

اگرچہ اس روایت پرہیثم بن عمران کی وجہ سے اعتراض کیا گیا ہے لیکن امام ابن حبان رحمہ اللہ  نے اسے کتاب الثقات میں ذکر کیا ہے۔ (۷/۵۷۷) محدث العصر علامہ البانی مرحوم نے اسے حسن قرار دیا ہے۔     [سلسلہ الاحادیث الضعیفہ: ۲/۳۹۲]

بعض اہل علم نے اس کی یہ توجیہہ بھی کی ہے کہ آٹا گوندھتے وقت کبھی کھلے ہاتھ استعما ل ہوتے ہیں، لہٰذا کھلے ہاتھوں سے ٹیک لگا کر اٹھنے کی گنجائش ہے لیکن یہ توجیہہ امر واقعہ کے خلاف ہے کیونکہ کھلے ہاتھوں سے آٹانہیں گوندھا جاتا ہے بلکہ مٹھی بندکر کے اسے گوندھا جاتا ہے۔ لہٰذا ہماری تحقیق یہی ہے ،کہ دوسری رکعت سے کھڑے ہوتے وقت مٹھی بند کرکے زمین پرٹیک لگاکھڑے ہوناچاہیے۔     [و اللہ  اعلم ]

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد:2 صفحہ:151

تبصرے