سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(45) زچگی کے بعد خون کا بند نہ ہونا اس عارضہ میں نماز کا حکم

  • 11999
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-24
  • مشاہدات : 1221

سوال

(45) زچگی کے بعد خون کا بند نہ ہونا اس عارضہ میں نماز کا حکم

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

زچگی کے بعد خون بند نہیں ہوتا ،دوماہ سے ایک خاتون کویہ عارضہ لاحق ہے، اس کے لئے شریعت میں کیاحکم ہے کہ وہ ایسے حالا ت میں نماز پڑھ سکتی ہے ؟اگر پڑھ سکتی ہے تووضو وغیرہ کاکیاطریقہ ہوگا ؟تفصیل سے ہمیں آگاہ فرمائیں۔


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

  زچگی کے بعدجوخون آ تا ہے، اسے شریعت کی اصطلاح میں نفاس کہاجاتا ہے۔ استقرارحمل کے بعد یہ حیض کاہی خون ہوتا ہے جورحم مادر کے اندر جمع ہوکر بچے کی خوراک اوراس کی حفاظت کے کام آتا ہے ۔بچے کی پیدائش کے بعد جمع شدہ خون جب خارج ہوتا ہے تواس کے ختم ہونے کے لئے کئی دن درکار ہوتے ہیں۔اکثر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اورتابعین عظام رحمہم اللہ کے نزدیک ولادت کے خون کی زیادہ سے زیادہ مدت چالیس دن ہے ۔حضرت ام سلمہ  رضی اللہ عنہا  سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا:’’رسول  اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم   کے عہد مبارک میں نفاس والی عورتیں چالیس دن بیٹھاکرتی تھیں۔‘‘     [ابوداؤد ،الطہارۃ:۳۱۲]

                 اگرچالیس دن کے بعد بھی خون بند نہ ہوبلکہ جاری رہے تواکثر اہل علم کے نزدیک وہ خون استحاضہ ہے، جس میں عورت نماز کے لئے تازہ وضو کرتی ہے۔ رسول  اللہ   صلی اللہ علیہ وسلم  کے زمانہ میں حضرت فاطمہ  رضی اللہ عنہا بنت ابی حبیش کواستحاضہ کاعارضہ تھا تورسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم  نے فرمایا: ’’تم ہرنماز کے لئے وضو کرلیا کرو۔‘‘      [صحیح بخاری، الوضو: ۲۲۸]

                صورت مسئولہ میں اگرعورت کوچالیس دن کے بعد خون نفاس بندنہیں ہوا تواسے چاہیے کہ وہ غسل کرکے نماز شروع کر دے، البتہ اسے ہرنما زکے لئے تازہ وضو کرناہوگا ۔ایک وضو سے ایک نماز کے فرض اورسنتیں وغیرہ اداکی جاسکتی ہیں۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ نفاس والی عورت سات دن تک انتظار کرے اگر پاک ہوجائے توٹھیک ورنہ چودہ دن انتظار کرے، پھراکیس دن زیادہ سے زیادہ چالیس دن تک خون بند ہونے کاانتظار کرے اگر پھر بھی بند نہ ہوتوغسل کرکے نماز پڑھناشروع کردے۔     [بیہقی ،ص: ۳۱۴،ج۱]

  حضرت عمر اور انس رضی اللہ عنہما سے بھی اسی طرح منقول ہے ۔واضح رہے کہ دوران نفاس جونما زیں فوت ہوجائیں انہیں قضا کے طورپر پڑھنے کی ضرورت نہیں ۔حضرت ام سلمیٰ رضی اللہ عنہا  فرماتی ہیں کہ نفاس والی عورت رسول  اللہ   صلی اللہ علیہ وسلم  کے زمانہ میں چالیس دن نماز نہیں پڑھاکرتی تھیں ۔رسول  اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم  نے ان دنوں فوت ہونے والی نمازوں کے متعلق قضا کاحکم نہیں دیا۔     [بیہقی، ص: ۳۴۱،ج۱]

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد:2 صفحہ:88

تبصرے