سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(129) بے نماز کے ہاتھ کا پکا ہوا کھانا

  • 11267
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-24
  • مشاہدات : 1550

سوال

(129) بے نماز کے ہاتھ کا پکا ہوا کھانا

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

سانگلہ ہل سے ملک عبد الستار لکھتے ہیں کہ بے نماز کے ہاتھ سے پکی ہوئی چیز کھانا جائز ہے یا نہیں؟کتاب وسنت کی روشنی میں جواب دیں۔


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

اس سوال کا پس منظر یہ معلوم ہوتاہے کہ متعدد احادیث کے مطابق بے نماز کافر ہے تو کیا کفر کے مرتکب انسان کے ہاتھوں پکی ہوئی چیز استعمال کی جاسکتی ہے؟اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:'' کہ کفر اور بندے کے درمیان نماز کاپردہ ہے۔''یعنی اگر نماز کوترک کردیا جائے تو کفر کی حدیں انسان سے مل جاتی ہیں۔ایک روایت میں ہے کہ بندے اور کفر وشرک کو باہمی شیر وشکر کردینے والی چیز نماز کا ترک کردینا ہے۔یہی وجہ ہے کہ بعض ائمہ دین نے بے نماز کا تلوار سے سرقلم کردینے کا حکم دیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ نماز چھوڑنے سے جو کفر لازم آتاہے وہ کون سا کفر ہے؟کیا ایسا کفر ہے جس کے ارتکاب سے انسان دائرہ اسلام سے خارج ہوجاتا ہے یا''کفردون کفر''کی قسم سے ہے۔جس کے ارتکاب سے انسان دائرہ اسلام سے توخارج نہیں ہوتا،البتہ کبیرہ گناہ کا سزاوار ٹھہرتا ہے۔ہمارے نزدیک تارک نماز کفر کا مرتکب ضرور ہوتا ہے مگر یہ کفر اسے اس مقام پر نہیں پہنچاتا جہاں وہ اسلام لانے سے پہلے تھا۔چنانچہ حدیث میں ہے:'' پانچ نمازوں کو اللہ تعالیٰ نے فرض قرار دیا ہے جو شخص اچھی طرح وضوکرکے بروقت انہیں ادا کرنے کا اہتمام کرتا ہے۔ان کے رکوع وسجدہ کو اعتدال سے بجا لاتاہے خشوع وخضوع کو بھی برقرار رکھتا ہے ایسے نمازی کے متعلق اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ اسے ضرور معاف فرمائے گا ، اگر کوئی ایسا نہیں کرتا تو وہ اللہ کی مشیت کے تحت ہے اگر چاہے تو معاف کردے چاہے توسزا دے۔(مسند امام احمد:5/322)

اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ نماز کا تارک ایسے کفر کامرتکب نہیں ہوتا جس سے وہ دائرہ اسلام سے خارج ہوجائے کیوں کہ دائرہ اسلام سے خارج ہونے والا اللہ کی مشیت کے تحت نہیں بلکہ انہیں تو یقیناً جہنم کا ایندھن بنایاجائے گا۔

اس وضاحت کے بعد ترک نماز ایک سنگین جرم ہےلیکن اس کی پکی ہوئی چیز استعمال کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں، البتہ خاوند بے نماز بیوی سے اس قسم کا احتجاج کرسکتا ہے تاکہ اس کا دماغ درست ہوجائے۔عام لوگوں کے متعلق اس قسم کا ضابطہ عمل میں لانا بہت مشکل ہے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خود ایک یہودی عورت کے گھر سے کھانا تناول فرمایا تھا۔جبکہ اس نے آپ کو دعوت طعام دی تھی اور کھانے میں سخت قسم کا زہر بھی ملادیا تھا۔اس طرح کے متعدد واقعات کتب حدیث میں موجود ہیں جن سے معلوم ہوتاہے کہ کفار کے ساتھ قلبی تعلقات تو نہیں رکھے جاسکتے،البتہ دیگر روابط قائم کیے جاسکتے ہیں جبکہ مقصود انہیں اسلام کے قریب کرنا ہو، کھانا وغیرہ اسی قسم سے ہے۔لہذا صورت مسئولہ میں بے نماز کے ہاتھ سے پکی ہوئی چیز استعمال کی جاسکتی ہے۔

ھذا ما عندي واللہ أعلم بالصواب

فتاوی اصحاب الحدیث

جلد:1 صفحہ:159

تبصرے