جب میں سوجائوں اور رات کو نماز وتر ادا نہ کرسکوں تو کیا اس کی قضا ء دوں اور کس وقت دوں؟
سنت یہ ہے کہ اس کی قضاء ضحیٰ کے وقت سورج بلند ہونے کے بعد اور استواء سے پہلے جفت تعداد میں نہ کہ طاق تعداد میں دی جائے اگر آپ کی عادت رات کو تین وتر پڑھنے کی ہے۔اور آپ سوگئے یا بھول گئے تو دن کوپھر تین کی بجائے دو دو کرکے چار رکعتیں پڑھی جایئں اور اگر آپ کی عادت رات کو پانچ رکعات وتر پڑھنے کی ہے۔اور آپ سوگئے یا آپ بھول گئے تو پھر دن کو پانچ کی بجائے دو دو کرکے چھ رکعات پڑھی جایئں۔اوراگر آپ کا معمول اس سے زیادہ رکعات پڑھنے کا ہے تو ان کے بارے میں بھی اسی طرح کا حکم ہوگا۔کیونکہ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب نیند یامرض کی وجہ سے رات کو نما ز نہ پڑھ سکتے تو آپ دن کو بارہ رکعت پڑھتے۔''
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وتر کی نماز چونکہ اکثر وبیشتر گیارہ رکعت ہوتی تھی۔ اس لئے آپ قضاء کے طور پر بارہ رکعت ادا فرماتے اور سنت یہ ہے کہ انہیں دو دو رکعات پڑھا جائے جیسا کہ اس حدیث شریف سے ثابت ہے نیز آپ کا ارشاد ہے:
''دن اور رات کی نماز دو دو رکعت ہے۔''
اس حدیث کو امام احمد اور اہل سنن نے باسناد صحیح روایت یا ہے۔اصل میں یہ حدیث صحیحین میں بروایت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ موجود ہے۔ لیکن اس میں دن کا زکر نہیں ہے۔لیکن امام احمد اور اہل سنن کی روایتوں میں ''دن'' کا لفظ بھی ثابت ہے۔
ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب