سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

نماز مغرب سے پہلے نفل

  • 10407
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-27
  • مشاہدات : 1482

سوال

نماز مغرب سے پہلے نفل
السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

اذان مغرب کے بعد اور نماز سے پہلے ۔۔۔جب کہ اذان اوراقامت کے درمیان وقت بہت کم ہوتا ہے۔۔۔تحیۃ المسجد اور نفل پڑھنے کا کیا حکم ہے؟

جو شخص نماز فجر سے لے کر طلوع آفتاب تک مسجد میں رہے کیا اس کے لئے طلوع آفتاب کے وقت ضحیٰ کی دو رکعات پڑھنا جائز ہے۔؟نیز یہ فرمایئے کہ نماز ضحیٰ کا مسنون وقت کونسا ہے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

تحیۃ المسجد سنت موکدہ ہے۔جسے تمام اوقات حتیٰ کہ ممانعت کے اوقات میں بھی علماء کے صحیح قول کے مطابق ادا کیاجاسکتا ہے۔کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس ارشاد کے عموم کا یہی تقاضا ہے کہ:

اذا دخل احدكم المسجد فلايجلس حتي يصلي ركعتين (صحيح البخاری)

 ‘‘تم میں سے کوئی جب بھی مسجد میں آئےتووہ دورکعتیں پڑھے بغیر نہ بیٹھے۔’’(متفق علیہ)

اذان مغرب کے بعد اور اقامت سے پہلے نماز سنت ہے کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:

"‏ صلوا صلاة المغرب ‏"‏‏.‏"‏ صلوا صلاة المغرب ‏"‏‏.‏ ـ قال في الثالثة ـ لمن شاء (صحیح بخاری)

''مغرب سے پہلے نماز پڑھو ۔مغرب سے پہلے نماز پڑھو اور تیسری بار آپ نے فرمایا کہ جو چاہے وہ پڑھے۔''

حضرات صحابہ کرامرضوان اللہ عنہم اجمعین کا معمول یہ تھا۔کہ جب اذان مغرب ہوجاتی۔تو وہ اقامت سے پہلے جلدی سے دو رکعات پڑھ لیتے تھے'نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم انھیں دیکھتے اور منع نہ فرماتے بلکہ آپ نے تو اس کا حکم بھی دیا ہے جیسا کہ مذکورہ بالاحدیث سے ثابت ہے۔

جواب نمبر 2۔ضحیٰ کا وقت اس وقت شروع ہوتا ہے جب سورج ایک نیزے کے برابر بلند ہوجائے اور اس وقت تک رہتا ہے جب سورج ظہر سے پہلے کھڑا ہوجائے۔(یعنی نصف النہار کے وقت جب ابھی زوال شروع نہیں ہوا ہوتا) اور افضل وقت وہ ہے جب دھوپ گرم ہوجائے کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ:

صلاة الاوابين حين ترمض الفصال(صحيح مسلم)

''اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنے والوں کی نماز اس وقت ہوتی ہے۔جب اونٹ کے بچوں کے پاؤں جلتے ہیں۔''

ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب

فتاویٰ اسلامیہ

ج1ص432

محدث فتویٰ

تبصرے