سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

اہل بدعت کے پیچھے نماز کا حکم

  • 10301
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-24
  • مشاہدات : 1724

سوال

اہل بدعت کے پیچھے نماز کا حکم
السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

بعض لوگ یہ فتویٰ دیتے ہیں کہ ایسے امام کے پیچھے جو بدعتی ہو اور بہت سی سنتوں کا منکر ہو نماز جائز نہیں جب کہ حدیث میں ہے:

'' ہرنیک وبدکے پیچھے نماز پڑھ لو۔''

تو کیا بدعتی امام کے پیچھے نماز جائز ہے یا نہیں؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

یہ حدیث جس کی طرف سائل نے اشارہ کیا ہے یہ بے اصل ہے۔ان الفاظ کے ساتھ یہ ثابت نہیں ہے لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ جو شخص اللہ تعالیٰ سے زیادہ ڈرنے والا ہو دین پر زیادہ عمل کرنے والا ہو اس کے پیچھے اس انسان کی نسبت نماز افضل ہے۔جو دین میں سستی کا مظاہر کرنے والا ہو۔اہل بدعت کی دو قسمیں ہیں۔

1۔جن کی بدعتیں کفر تک پہنچانے والی ہیں۔اور 2۔جن کی بدعتیں کفر تک پہنچانے والی نہیں ہیں۔

ان میں سے پہلی قسم کے اہل بدعت کے پیچھے نماز جائز نہیں کیونکہ وہ کافر ہیں۔اللہ تعالیٰ کے ہاں ان کی نماز صحیح نہیں لہذا یہ بھی صحیح نہیں کہ وہ مسلمانوں کے امام بنیں اور وہ اہل بدعت جن کی بدعتیں کفر تک نہیں پہنچاتیں تو ان کے پیچھے نماز کا حکم علماء کے اس مسئلہ میں اختلاف پر مبنی ہے۔ کہ اہل فسق کے پیچھے نماز جائز ہے یا نہیں۔راحج بات یہ ہے کہ اہل فسق کے پیچھے نماز جائز ہے الا یہ کہ ان کے پیچھے نماز ترک کرنے میں مصلحت ہو مثلا نماز نہ پڑھے کی صورت میں اگر ان کے لئے تنبیہ ہو اور اس طرح وہ اپنے فسق وفجور کو ختم کرسکتے ہوں تو پھر اس مصلحت کی وجہ سے بہتر یہ ہے کہ ان کے پیچھے نماز نہ پڑھی جائے۔

ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب

فتاویٰ اسلامیہ

ج1ص389

محدث فتویٰ

تبصرے