السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
اس شخص کے بارے میں کیا حکم ہے، جس نے وضو کرتے ہوئے دائیں پاؤں کو دھویا تو اس پر موزہ یا جراب پہن لی اور پھر اس نے بائیں پاؤں کو دھویا تو اس پر جراب یا موزہ پہن لیا؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
اس مسئلہ میں اہل علم کا ختلاف ہے۔ بعض نے کہا ہے کہ موزہ یا جراب پہننے سے پہلے مکمل وضو کرنا ضروری ہے اور بعض نے کہا ہے کہ یہ جائز ہے کہ دائیں پاؤں کو دھو کر اس میں موزہ یا جراب پہن لے، پھر بائیں پاؤں کو دھوئے اور اس میں موزہ یا جراب پہن لے کیونکہ اس صورت میں اس نے دائیں اور بائیں پاؤں کو پاک کرنے کے بعد موزے یا جراب کو پہنا ہے اور اس پر یہ بات صادق آتی ہے کہ اس نے انہیں پاک حالت میں داخل کیا ہے، لیکن ایک حدیث ہے جسے امام حاکم نے روایت کیا ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
«اِذَا تَوَضَّأَ اَحَدُکُمْ وَلَبِسَ خُفَّيْةِ»(المستدرک للحاکم: ۱۸۱/۱)
’’جب تم میں سے کوئی وضو کر لے اور اپنے موزے پہن لے۔‘‘
اس حدیث میں (اِذَا تَوَضَّأَ) ’’جب وضو کر لے‘‘ کے الفاظ پہلے قول کو راجح قرار دیتے ہیں کیونکہ جس شخص نے ابھی تک بایاں پاؤں نہ دھویا ہو تو اس پر یہ بات صادق نہیں آتی کہ اس نے وضو کر لیا ہے لہٰذا اس کے مطابق پہلا قول زیادہ بہتر اور افضل ہے۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب