سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

جہری نماز میں مقتدی کے لئے بھی سورت فاتحہ پڑھنا واجب ہے

  • 10233
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-25
  • مشاہدات : 1031

سوال

جہری نماز میں مقتدی کے لئے بھی سورت فاتحہ پڑھنا واجب ہے
السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

امام فاتحہ پڑھنے کے بعد کسی دوسری سورت کو شروع کردیتا ہے اور میں فاتحہ نہیں پڑھ سکتا کیونکہ امام فاتحہ پڑھنے کے بعد اتنا سکتہ نہیں کرتا جو فاتحہ پڑھنے کے لئے کافی ہو اور حدیث میں ہے کہ«لا صلوة لمن لم يقرا بفاتحة الكتاب»جب كہ ایک دوسری حدیث میں ہے۔(قراءة الامام قراءة لمن خلفه(تو ان دونوں حدیثوں میں کس طرح تطبیق ہوگی؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

مقتدی کے لئے سورت فاتحہ کی قراءت کے بارے میں علماء میں اختلاف ہے لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد گرامی:

((لا صلوة لمن لم يقرا بفاتحة الكتاب))(صحیح بخاری)

‘‘جو شخص سوره فاتحہ نہ پڑھے اس کی نماز نہیں ہوتی۔’’

کے عموم کے پیش نظر راحج ترین بات یہ ہے کہ مقتدی کے لئے بھی سورت فاتحہ کا پڑھنا واجب ہے۔اسی طرحنبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ:

لعلكم تقرؤون خلف امامكم قالوا نعم قال:لا تفعلوا الا بفاتحة الكتاب فانه لا صلواة لمن لم يقرا بها (سنن ابي دائود)

''شاید تم اپنے امام کے پیچھے پڑھتے ہو؟''صحابہ کرامرضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جواب دیا جی ہاں 'تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:سورہ فاتحہ کے سوا اور کچھ نہ پڑھو کیونکہ جو شخص سورۃ فاتحہ نہ پڑھے اس کی نماز نہیں ہوتی۔''

اگر امام جہری نماز میں سکتہ نہ بھی کرے تو پھر بھی مقتدی کو ہرحال میں سورہ فاتحہ پڑھنی چاہیے خواہ اس وقت ہی کیوں نہ پڑھے جب امام قراءت کررہا ہو اور پھر سورہ فاتحہ پڑھنے کے بعد خاموش ہوجائے تاکہ دونوں حدیثوں پر عمل ہو جائے اگر مقتدی بھول جائے یا وہ جاہل ہو اور اسے سورہ فاتحہ کے پڑھنے کے وجوب کا علم نہ ہو تو اس سے وجوب ساقط ہوجائے گا۔جس طرح اس شخص سے ساقط ہوجاتا ہے۔جو امام کو بحالت رکوع پائے اور امام کے ساتھ رکوع میں شامل ہوجائے تو علماء کے صحیح قول کے مطابق اس کی یہ رکعت ہوجائے گی۔اکثر اہل علم کا یہی قول ہے۔کیونکہ حضرت ابو بکرہ ثقفی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ وہ جب مسجد میں آئے تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم رکوع فرما رہےتھے تو انہوں نے بھی صف میں داخل ہونے سے پہلے ہی رکوع شروع کردیا اور پھراسی طرح بحالت رکوع صف میں داخل ہوگئے تونبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز سے سلام پھیرنے کے بعد فرمایا:

زادك الله حرصا ً ولا تعد (صحيح بخاری)

‘‘اللہ تعالی تمہارے شوق میں اضافہ فرمائے دوبارہ ایسا نہ کرنا ۔''

لیکن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں اس رکعت کے دوبارہ پڑھنے کا حکم نہیں دیا1۔اور یہ حدیث:

من كان له امام فقراته له قراءة(مسند احمد)

'' جس کا امام ہو تو اس کی قراءت اس کی قراءت ہوگی۔''

ضعیف اور ناقابل استدلال ہے۔اگر یہ صحیح بھی ہو تو یہ عام ہے اورسورۃ فاتحہ کا پڑھنا اس مسئلہ میں وار د صحیح احادیث کے پیش نظر خاص ہوگا۔


1.یہ دعویٰ محل نظر ہے۔کہنبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے رکعت دوبارہ پڑھنے کا حکم نہیں دیا۔کیونکہ (لاتعد)) میں متعدد احتمالات ہیں'اس لئے متعین طور  پرکسی ایک مفہوم کومراد لے کر اس پر اس مسئلے کی بنیاد رکھنا صحیح ہے اور نہ مذکورہ دعویٰ ہی صحیح ہے۔کمامر

ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب

فتاویٰ اسلامیہ

ج1ص345

محدث فتویٰ

تبصرے