السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
جب انسان موزوں پر مسح کرے، پھر انہیں اتار دے اور جراب پر مسح کر لے، تو کیا اس کا مسح کرنا صحیح ہوگا؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
اہل علم کے ہاں یہ بات معروف ہے کہ جب انسان اوپر یا نیچے کے ایک موزے پر مسح کرے تو حکم اسی کے ساتھ متعلق ہوگا، دوسرے کی طرف منتقل نہیں ہوگا اور بعض اہل علم کی رائے یہ ہے کہ ایک موزے سے دوسرے کی طرف حکم منتقل ہو جائے گا جب کہ مسح نیچے والے پر کیا گیا ہو اور مدت باقی ہو اور یہی قول راجح ہے۔ لہٰذا اگر اس نے وضو کیا، جرابوں پر مسح کیا اور ان کے اوپر اور جرابیں پہن لیں یا موزے پہن لیے اور اوپر والوں پر مسح کر لیا تو راجح قول کے مطابق اس میں کوئی حرج نہیں، بشرطیکہ مدت باقی ہو اور مدت پہلے مسح سے شمار کی جائے گی، دوسرے مسح سے نہیں۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب