سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(6) مسلمان ہونے کی شرائط اور اہل قبلہ کی تکفیر

  • 21259
  • تاریخ اشاعت : 2024-03-28
  • مشاہدات : 1890

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کیا قبلہ کی طرف رخ کرنے والے سارے لوگ مسلمان ہیں؟قرآن وحدیث کی روشنی میں جواب دیں۔(محمد فیاض دامانوی،بریڈ فورڈ انگلینڈ)


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

قبلہ(بیت اللہ) کی طرف رخ کرکے نماز  پڑھنے والے اور اپنے آپ کو مسلمان سمجھنے یا کہلوانے والے سارے  لوگ مسلمان نہیں بلکہ ان میں ختم نبوت کے منکرین ،مثلاً قادیانیہ وبہائیہ وغیرھما اور ان جیسے کفریہ عقائد رکھنے والے لوگ کافر اور دائرہ اسلام سے خارج ہیں۔

مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ درج ذیل ایمانیات وعقائد پر صحیح اور سچا ایمان رکھے:

1۔قرآن مجید کے کلام اللہ ،برحق اور غیر مخلوق ہونے پر ایمان:۔

جو لوگ قرآن مجید میں تحریف کے قائل ہیں یا قرآن مجید کو مخلوق کہتے ہیں ،وہ لوگ کافر ہیں اور دائرہ اسلام سے خارج ہیں۔

2۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  کی احادیث صحیحہ پر ایمان:۔

3۔جوعقیدہ وعمل قرآن واحادیث صحیحہ سے ثابت ہے اس پر ایمان ،مثلاً حیات مسیح  علیہ السلام  نزول عیسیٰ بن مریم علیہ السلام  خروج دجال لعین اور دیگر عقائد صحیحہ

4۔ختم نبوت(یعنی رسول ا للہ صلی اللہ علیہ وسلم  کے آخری نبی ہونے) پر ایمان

5۔توحید ربوبیت ،توحید الوہیت اور توحید الاسماء والصفات پرایمان

6۔شعائر اللہ مثلاً رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  بیت اللہ،کتاب اللہ اور صحیح حدیث وغیرہ کی تکریم وتعظیم اور اس سے محبت کرنا اور ہر قسم کی صریح وغیر صریح گستاخیوں سے مکمل بچنا۔

7۔ضروریات دین والے عقائد ومسائل پر ایمان

8۔ثابت شدہ اور ناقابل تردید اجماع امت پر ایمان

9۔تقدیر پر ایمان

10۔فرشتوں پر ایمان

11۔آسمانی کتابوں مثلاً تورات،زبور،انجیل اور صحف ابراہیم وموسیٰ  علیہ السلام  پر ایمان کہ یہ کتابیں اللہ تعالیٰ نے نازل فرمائی ہیں اور یہود ونصاریٰ نے بعد میں آسمانی کتابوں میں تحریف تبدیلی کردی۔

12۔تمام رسولوں اور انبیاء علیہ السلام  کی رسالت ونبوت پر ایمان

13۔توحید پر ایمان

14۔شرک سے کلیتاًاجتناب

15۔شیاطین  اور ان کی ذریت ،نیز طواغیت اور مقلدین طواغیت سے براءت کا اعلان (وغير ذلك)

تفصیل کے لیے مطولات(مثلاً صحیح بخاری وصحیح مسلم کی کتاب الایمان اور امام آجری کی کتاب الشریعہ وغیرہ) کا مطالعہ مفید ہے یا ا پنے قریبی صحیح العقیدہ علماء سے رابطہ رکھیں۔

یہ وہ ایمانیات ہیں جن میں سے کسی ایک کے انکار سے بھی انسان دائرہ اسلام سے باہر ہوجاتا ہے۔

نیز دیکھئے راقم الحروف کی ترجمہ کردہ کتاب"شرح حدیث جبریل علیہ السلام"

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاوی علمیہ

جلد3۔توحید و سنت کے مسائل-صفحہ27

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ