سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(316) سوڈان میں اسلامک فرنٹ مختلف تحریکوں کی موجوگی میں سرگرم عمل ہے....

  • 15582
  • تاریخ اشاعت : 2024-04-20
  • مشاہدات : 1061

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
سوڈان میں اسلامک فرنٹ مختلف تحریکوں کی  موجوگی میں سرگرم عمل ہے اورسوشلسٹوں اورمغرب زدہ لوگوں سےبرسرپیکار ہے ،ان مختلف تحریکوں کی موجودگی میں اس طرح کے کام کے بارے میں ہم آپ کی رائے معلوم کرنا چاہتے ہیں؟

الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

لاریب مسلمانوں کا آپس میں باطل مذاہب ،گمراہ کن تحریکوں ،عیسائی،سوشلسٹ  اورملحد مشنریوں سے جنگ کے سلسلہ میں باہم دگر(ایک دوسرے کے ساتھ)تعاون بہت اہم فریضہ ہے اورجہاد فی سبیل اللہ کی عظیم ترین صورت ہے اورارشادباری تعالی ہے:

﴿وَلا تَعاوَنوا عَلَى الإِثمِ وَالعُدو‌ٰنِ وَاتَّقُوا اللَّهَ إِنَّ اللَّهَ شَديدُ العِقابِ ﴿٢﴾... سورة المائدة

‘‘اور(دیکھو)نیکی اورپرہیزگاری کےکاموں میں ایک دوسرےکی مددکیاکرواورگناہ اورظلم کی باتوں میں مددنہ کرواوراللہ سے ڈرتے رہو،کچھ شک نہیں کہ اللہ کا عذاب سخت ہے۔’’

اورفرمایا:

﴿ادعُ إِلىٰ سَبيلِ رَ‌بِّكَ بِالحِكمَةِ وَالمَوعِظَةِ الحَسَنَةِ وَجـٰدِلهُم بِالَّتى هِىَ أَحسَنُ ...﴿١٢٥﴾... سور ةالنحل

‘‘(اے پیغمبر)لوگوں کو دانش اورنیک نصیحت سے اپنے پروردگار کے راستے کی طرف بلاواوربہت ہی اچھے طریقے سے ان سے بحث(مناظرہ ) کرو۔’’

نیز فرمایا:

﴿وَمَن أَحسَنُ قَولًا مِمَّن دَعا إِلَى اللَّهِ وَعَمِلَ صـٰلِحًا وَقالَ إِنَّنى مِنَ المُسلِمينَ ﴿٣٣﴾... سورة فصلت

‘‘اوراس شخص سے زیادہ اچھی بات والاکون ہوسکتا ہے ،جو اللہ کی طرف بلائے اورنیک عمل کرے اورکہے کہ میں مسلمان ہوں۔’’

صحیحین میں حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت  ہے کہ نبی کریم ﷺنے حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کو خیبر کے یہودیوں کی طرف بھیجا اورحکم دیا  کہ انہیں اسلام کی دعوت دیں اوربتائیں کہ ان پر اللہ تعالی کے کیا حقوق واجب ہیں اس موقعہ پر آپؐ نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے یہ بھی فرمایا‘‘اللہ کی قسم !اگر آپ کی وجہ سے اللہ تعالی ایک آدمی کو بھی ہدایت عطافرمادے تویہ آپ کے لئے سرخ اونٹوں کی دولت سے بھی بہتر ہے ۔’’صحیح مسلم میں حضرت ابومسعودانصاری رضی اللہ عنہ سےروایت ہے‘‘نبی کریمﷺنے فرمایا ہے کہ جو شخص نیکی کے کسی کام کی طرف راہنمائی کرے،اسے اس نیکی کر نے والے کے برابر اجروثواب ملتا ہے’’صحیح مسلم میں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سےروایت ہےکہ نبی کریمﷺنے فرمایا‘‘تحقیق جو شخص ہدایت کی طرف دعوت دے تواسے بھی اس ہدایت پر عمل کرنے والوں کے برابراجروثواب ملے گاجب کہ عمل کرنے والوں کے اجروثواب میں بھی کوئی کمی نہیں کی جائے گی’’امام احمد اورنسائی نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سےروایت کیا ہےاورامام حاکم نے اس روایت کو صحیح قراردیا ہے کہ نبی کریمﷺنے فرمایا‘‘مشرکوں کے ساتھ اپنے مال،جان اورزبان سے جہادکرو’’اس مضمون کی اوربھی بہت سی آیات واحادیث ہیں۔ہم اللہ تعالی سے دعا کرتے ہیں کہ وہ فرنٹ کو اس بات کی توفیق بخشے جس میں حق کےلئے نصرت اورغلبہ ہو،باطل کا قلع قمع اورداعیان باطل کے لئے ذلت ورسوائی ہو!

فرنٹ کو میری یہ نصیحت بھی ہے کہ یہ اپنی صفوں کو ہر اس چیز سے پاک کرے جو اللہ تعالی کی شریعت مطہرہ کے خلاف ہو اورشریعت مطہرہ پر استقامت وثابت قدمی کے ساتھ عمل پیرا ہونے کے لئے ایک دوسرے کو ہمدردی وخیر خواہی کے جزبات کے ساتھ وصیت بھی کی جائے اوراگر کسی بات میں اختلاف ہوتواسے دورکرنے کے لئے اللہ تعالی اوراس کےرسول ﷺکی طرف رجوع کیا جائے کہ ارشادباری تعالی ہے:

﴿يـٰأَيُّهَا الَّذينَ ءامَنوا أَطيعُوا اللَّهَ وَأَطيعُوا الرَّ‌سولَ وَأُولِى الأَمرِ‌ مِنكُم فَإِن تَنـٰزَعتُم فى شَىءٍ فَرُ‌دّوهُ إِلَى اللَّهِ وَالرَّ‌سولِ إِن كُنتُم تُؤمِنونَ بِاللَّهِ وَاليَومِ الءاخِرِ‌ ذ‌ٰلِكَ خَيرٌ‌ وَأَحسَنُ تَأويلًا ﴿٥٩﴾... سورة النساء

‘‘اے ایمان والو!اللہ اوراس کے رسول(ﷺ) کی فرماں برداری کرواورجو تم میں سے صاحب حکومت ہیں ان کی بھی اوراگرکسی بات میں تمھاراآپس میں اختلاف ہوجائے تواگراللہ اورروزآخرت پر ایمان رکھتے ہوتواس میں اللہ اوراس کے رسول (کے حکم)کی طرف رجوع کرو۔یہ بہت اچھی بات ہے اوراس کاانجام (نتیجہ)بھی اچھا ہے۔’’

نیزفرمایا:

﴿وَمَا اختَلَفتُم فيهِ مِن شَىءٍ فَحُكمُهُ إِلَى اللَّهِ...﴿١٠﴾... سورة الشورىٰ

‘‘اورتم جس بات میں اختلا ف کرتے ہو،اس کا فیصلہ اللہ کی طرف سے (ہوگا)’’

اورفرمایا:

﴿وَالعَصرِ‌ ﴿١ إِنَّ الإِنسـٰنَ لَفى خُسرٍ‌ ﴿٢ إِلَّا الَّذينَ ءامَنوا وَعَمِلُوا الصّـٰلِحـٰتِ وَتَواصَوا بِالحَقِّ وَتَواصَوا بِالصَّبرِ‌ ﴿٣﴾... سورة العصر

‘‘عصر کی قسم!یقینا تمام انسان نقصان میں ہیں مگر وہ لوگ جوایمان لائے اورنیک عمل کرتے رہے اورآپس میں حق (بات )کی تلقین اورصبر کی تاکید کرتے رہے ۔’’

اس عظیم صورت میں اللہ سبحانہ وتعالی نے یہ بیان فرمایاہے کہ کامیابی ،سعادت اورخسارے سے محفوظ رہنے کے صر ف چاراسباب ہیں جو اس سورت میں مذکورہیں یعنی(۱)اللہ اوراس کے رسول پر  ایمان(۲)عمل صالح(۳)ایک دوسرے کو حق کی وصیت اور(۴)ایک دوسرے کو صبر کی وصیت !

ہم اللہ تعالی سے دعا کرتے ہیں کہ وہ فرنٹ کے اراکین کو ان اخلا ق کریمانہ کی توفیق عطافرمائے،استقامت سےنوازے اورفتح مبین ،عظیم کامیابی اوربہترین انجام سے سرفرازفرمائے!
ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب

مقالات و فتاویٰ

ص439

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ