سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(961) ’’الاعتصام‘‘ کی اشاعت میں آپ کے کالم ’’احکام و مسائل‘‘ میں تعطل کی کیا وجہ ہے ؟

  • 26076
  • تاریخ اشاعت : 2024-04-20
  • مشاہدات : 592

سوال

 السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

 ’’الاعتصام‘‘ کی اشاعت میں آپ کے کالم ’’احکام و مسائل‘‘ میں تعطل کیوں واقع ہوتا ہے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

معزز قارئین ہفت روزہ ’’الاعتصام‘‘ لاہور، ہم شدت سے محسوس کرتے ہیں کہ بعض دفعہ اشاعت فتویٰ میں تعطل کی وجہ سے آپ کے ساتھ رابطہ میں انقطاع پیدا ہوجاتا ہے، اس کی بنیادی وجہ بیرونی دورے ہیں۔ بالخصوص دولت کویت میں وزارت شئون اسلامیہ کی نگرانی میں ایک عرصہ سے حدیث کی مشہور سات کتابوں کا سماع شروع ہے۔ مختلف ممالک اسلامیہ اور فرانس وغیرہ سے سینکڑوں خواتین وحضرات اس میں شرکت کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔ اس سے قبل صحیح بخاری، صحیح مسلم، جامع ترمذی کا سماع بتوفیق اللہ تعالیٰ مکمل ہوچکا ہے۔ آئندہ فروری کے اواخر میں ’’سنن ابی داؤد‘‘ اور ’’سنن ابن ماجہ‘‘ کے سماع کا پروگرام ہے۔ (ان شاء اللہ) دراصل مروّجہ انداز تدریس کا مقصود محدثین کرام کے طریقہ تحدیث کو زندہ کرکے ’’اجازۃ الروایات ‘‘کا حصول ہے جو سلسلہ واسطہ در واسطہ رسول اللہ ﷺ تک پہنچتا ہے۔

اللہ رب العزت نے اس عظیم نعمت سے بالخصوص پاک وہند کے بہت سارے علماء کو نوازا ہے جن کے اصل حضرت شاہ ولی اللہ صاحب  رحمہ اللہ  ہیں اور بعد میں شیخ الکل سید نذیر حسین دہلوی  رحمہ اللہ  ہیں۔ زمانہ دراز سے یہ سلسلہ متروک تھا دوبارہ اس میں روح پھونکنے کی سعی کی جارہی ہے۔ اللہ تعالیٰ جزائے خیر دے وزارت کویت کو جو اس مادی دور میں اسلام کی سربلندی کے لیے کوشاں ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس دورہ کے اثرات کئی ایک علاقوں میں محسوس ہونے لگے ہیں۔ سابقہ مجلس میں سعودی عرب کے معالی (اعلیٰ) وزیر ترکی اور قطر کے ایک اہم عہدہ دار نے شرکت کرکے بہترین تاثرات کا اظہار فرمایا کہ ایسی مبارک مجالس کا انعقاد ہم بھی اپنے ہاں کریں گے جب کہ دولت بحرین تیاری کے مراحل میں ہے۔

     ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ حافظ ثناء اللہ مدنی

جلد:3،ثناء اللہ مدنی سے چند سوالات:صفحہ:659

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ