سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(146) تانبے کا برتن ایک مسجد سے دوسری مسجد کو دینا جبکہ پہلی مسجد میں اس کی ضرورت نہ رہی ہو

  • 2426
  • تاریخ اشاعت : 2024-04-23
  • مشاہدات : 1703

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

ایک شخص نے ایک مسجد کو نمازیوں کے وضو کرنے سے کے لیے تانبے کا اتنا بڑا برتن وقف کیا ہے جس میں دس مٹکے کے قریب پانی آتا ہے مگر اب اس مسجد میں وضو کے لیے ایک حوض بنا دیا گیا ہے جس سے برتن (ٹانکی) بالکل بے کار ہو گیا ہے۔ اس میں پانی بھرنے کی ضرورت نہیں، مصلی حوض کے پانی سے وضو کرتے ہیں، اب اس برتن کی اس مسجد میں مطلق ضرورت نہیں ہے، اور دوسرے گاؤں میں ایک نئی مسجد تعمیر ہوئی ہے جس میں وضو کے پانی کے لیے برتن کی ضرورت ہے، پس کیا یہ برتن اُس نئی مسجد میں لے جا سکتے ہیں؟ اور کیا ایک مسجد کی چیز دوسری مسجد میں استعمال کر سکتے ہیں؟

_______________________________________________

الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

 جب وقف شدہ چیز بے کار ہو جائے یا ضائع ہوتی ہوئی نظر آئے تو ایسی صورت اختیار کرنی چاہیے کہ وہ ضائع نہ ہو، اور کار آمد ہو سکے۔ مثلاً اس کو فروخت کر کے اس کی قیمت اسی موقوف علیہ مسجد پر لگا دے یا کسی دوسری مسجد میں اس چیز کی ضرورت ہو تو اس میں صرف کر دی جائے۔
عن عائشة قالت سمعت رسول اللّٰہ صلی اللہ علیه وسلم یقول: «لو لا ان قومك حدیثو عھد بجاھلیة أو قال بکفر لا نفقت کنز الکعبة فی سبیل اللّٰہ ولجعلت بابھا بالأرض ولا دخلت فیھا من الحجر»  (مسلم)
کنز کعبہ سے مراد وہ اموال ہیں، جو زائرین خانہ کعبہ نذر کیا کرتے تھے، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے جب دیکھا کہ یہ خزانہ بیت اللہ کی ضروریات اور حاجت سے زائد ہے تو فی سبیل اللہ تقسیم کرنے کا ارادہ فرمایا لیکن عذر مذکور فی الحدیث کی وجہ سے اس ارادہ کو پورا نہیں فرمایا، معلوم ہوا کہ وقف شدہ چیز بے کار ہو جائے یا ضائع ہوتی ہوئی نظر آئے تو ایسی صورت اختیار کرنی چاہیے کہ وہ ضائع نہ ہو۔(محدث دہلی جلد نمبر ۸ ش نمبر ۴)

قرآن وحدیث کی روشنی میں احکام ومسائل

جلد 02

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ