سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(62) کیا عورت بغلوں اور زیر ناف بال اُسترے سے صاف کر سکتی ہے؟

  • 24072
  • تاریخ اشاعت : 2024-04-24
  • مشاہدات : 2232

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

عورت کے لیے بغلوں اور زیرِ ناف بالوں کو استرے سے صاف کرنا کیا جائز ہے اور کم از کم کتنی مدت کے بعد صاف کرنا صروری ہے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

زیرِ ناف بالوں کی صفائی کے لیے عورت اُسترا استعمال کر سکتی ہے۔ حدیث میں ہے:

’وَتَستَحِدُّ المُغِیبَةُ۔‘ صحیح البخاری ،بَابُ طَلَبِ الوَلَدِ،رقم:۵۲۴۵

’’جس عورت کا شوہر غیر حاضر ہے، اور اس کے سفر سے آنے کی امید ہے وہ اُسترا استعمال کرے۔‘‘

دوسری حدیث میں ہے کہ پانچ خصلتیں فطرت سے ہیں۔ ان سے ایک ’’الإستحداد‘‘ (لوہا استعمال کرنا) ہے۔ امام شوکانی رحمہ اللہ   فرماتے ہیں کہ زیرِ ناف بالوں کی صفائی کے لیے لوہے (یعنی استرا وغیرہ) کواستعمال کرنا بالإتفاق سنت ہے۔ البتہ بالوں کو اکھاڑنا، پائوڈر استعمال کرنا اور انہیں کترانا سب درست ہے۔

امام نووی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ افضل یہ ہے کہ بالوں کو مونڈا جائے، خواہ مرد ہو یا عورت۔ (نیل الأوطار: ۱؍۱۲۳)

بال مونڈنے کا وقفہ چالیس روز سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔ اس سے پہلے جب ضرورت محسوس ہو کہ بال بڑھنے لگے ہیں تو حسبِ حاجت ان کو مونڈ دینا چاہیے حدیث میں ہے:

’ أَن لَّا نَترُكُ اَکثَرَ مِن اَربَعِینَ لَیلَةً۔‘ (نیل الأوطار: ۱؍ ۱۲۵ ۔ بحواله احمد، الترمذی، النسائی، ابوداؤد) صحیح مسلم،بَابُ خِصَالِ الْفِطْرَةِ،رقم:۲۵۸،سنن ابن ماجه،بَابُ الْفِطْرَةِ،رقم:۲۹۵،سنن النسائی، التَّوْقِیتُ فِی ذَلِكَ،رقم:۱۴

بغلوں کے بالوں میں اصل یہ ہے کہ ان کو اکھاڑا جائے کیونکہ حدیث میں لفظ ’’نتف الإبط‘‘‘ آیا ہے اور اگر یہ ممکن نہ ہو تو مونڈنا بھی جائز ہے۔ امام شافعی رحمہ اللہ مونڈا کرتے تھے، ان سے سوال ہوا کہ سنت تو اکھاڑنا ہے۔ جوابًا فرمایا: لٰکِن لَا اَقوٰی عَلَی الوَجَعِ۔‘ یعنی تکلیف کی وجہ سے میں اکھاڑ نہیں سکتا۔ نیل الأوطار: ۱؍۱۲۴

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ حافظ ثناء اللہ مدنی

كتاب الطہارۃ:صفحہ:118

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ