سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(208) محمدیوں اور حنفیوں کے درمیان رشتہ ازدواج کا حکم

  • 22973
  • تاریخ اشاعت : 2024-04-26
  • مشاہدات : 642

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

 1۔ محمد یوں کے لڑکے اور لڑکی کا حنفیوں کی لڑکی اور لڑکے سے نکاح شادی کرنا جائز ہے یا نہیں ؟

2۔محمد یوں کو حنفیوں کے ساتھ کھانا پینا کرنا اور ان کے پیچھے نماز پڑھنی جائز ہے یا نہیں؟

3۔اگر حنفیوں کے ساتھ محمدیوں کی شادی بیاہ جائز نہیں ہو اور کسی نے کر لیا ہے تو اس کی معافی کی کیا صورت ہے اور اگر شادی بیاہ فریقین سے جائز ہے اور کسی نے شادی کر لیا ہے تو کرنے والے کو جماعت سے نکال دینے والے کی کیا سزا ہے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

1۔ محمد یوں کے لڑکا لڑکی کا نکاح شادی حنفیوں کی لڑکی لڑکا سے کرنا جائز ہے کیونکہ دونوں فریق مسلمان ہیں اور مسلمان مسلمان میں نکاح شادی کرنا جائز ہے۔ ہاں مسلمان میں نکاح شادی کرنا جائز ہے۔ ہاں مسلمان اور کافر میں مناکحت جائز نہیں ہے بشرطیکہ عورت کافرہ کتابیہ نہ ہو۔

﴿وَلا تَنكِحُوا المُشرِكـٰتِ حَتّىٰ يُؤمِنَّ وَلَأَمَةٌ مُؤمِنَةٌ خَيرٌ مِن مُشرِكَةٍ وَلَو أَعجَبَتكُم وَلا تُنكِحُوا المُشرِكينَ حَتّىٰ يُؤمِنوا وَلَعَبدٌ مُؤمِنٌ خَيرٌ مِن مُشرِكٍ وَلَو أَعجَبَكُم أُولـٰئِكَ يَدعونَ إِلَى النّارِ وَاللَّهُ يَدعوا إِلَى الجَنَّةِ وَالمَغفِرَةِ بِإِذنِهِ وَيُبَيِّنُ ءايـٰتِهِ لِلنّاسِ لَعَلَّهُم يَتَذَكَّرونَ ﴿٢٢١﴾... سورة البقرة

(اور مشرک عورتوں سے نکاح نہ کرو یہاں تک کہ وہ ایمان لے آئیں اور یقیناً ایک مومن لونڈی کسی بھی مشرک عورت سے بہتر ہے خواہ وہ تمھیں اچھی لگے اور نہ (اپنی عورتیں ) مشرک مردوں کے نکاح میں دو۔

یہاں تک کہ وہ ایمان لے آئیں اور یقیناً ایک مومن غلام کسی بھی مشرک مرد سے بہتر ہے خواہ وہ تمھیں اچھا معلوم ہو)

﴿وَلا تُمسِكوا بِعِصَمِ الكَوافِرِ ...﴿١٠﴾... سورة الممتحنة

(اور کافرعورتوں کی عصمتیں روک کر نہ رکھو)

2۔ محمد یوں کو حنفیوں کے ساتھ کھا نا پینا کرنا اور ان کے پیچھے نماز پڑھنی جائز ہے۔

﴿وَاركَعوا مَعَ الرّ‌ٰكِعينَ ﴿٤٣﴾... سورة البقرة

(اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو)

عن أبي هريرةرضي الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: ((الصلاةوَاجِبَةٌ عَلَيْكُمْ خَلْفَ كُلِّ مُسْلِمٍ بَرًّا كَانَ أَوْ فَاجِرًا ، وَإِنْ عَمِلَ الْكَبَائِرَ ،[1](ابو داؤد جھا یه دھلی ص:344) 

(ابو ہریرہ رضی اللہ  تعالیٰ عنہ  بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم  نے فرمایا : (فرض ) نماز ہر مسلمان کے پیچھے واجب ہے ،خواہ نیک ہو یا بد،اگر چہ وہ کبائر کا مرتکب ہو)

3۔ شادی بیاہ فریقین سے جائز ہے جیسا کہ جواب سوال نمبر(1) سے معلوم ہوا۔ اگر کسی نے شادی کر لی تو شادی کرنے والے کو صرف اس وجہ سے جماعت مسلمین سے نکال دینے والا سخت گنہگار ہے ۔ نکال دینے والے کو چاہیے کہ اس بات سے تو بہ کرے اور جس کو اس وجہ سے نکال دیا ہے اس کو جماعت مسلمین میں شامل کرلےاور آیندہ پھر ایسی حرکت نہ کرے ۔

﴿إِنَّمَا المُؤمِنونَ إِخوَةٌ فَأَصلِحوا بَينَ أَخَوَيكُم ...﴿١٠﴾... سورة الحجرات

مومن تو بھائی ہی ہیں پس اپنے دو بھائیوں کے درمیان صلح کراؤ) واللہ اعلم بالصواب۔کتبہ: محمد عبد اللہ ۔


[1] ۔سنن ابی داود رقم الحدیث (594)اس حدیث کی سند میں انقطاع ہے لہٰذا یہ ضعیف ہے تفصیل کے لیے دیکھیں ۔نصب الرایۃ (2/19)ارواء الغلیل (2/304)

  ھذا ما عندی والله اعلم بالصواب

مجموعہ فتاویٰ عبداللہ غازی پوری

کتاب النکاح ،صفحہ:400

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ