سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(359)کسی کو جنتی یا بخشا ہوا کہنا

  • 16834
  • تاریخ اشاعت : 2024-04-16
  • مشاہدات : 1885

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

میں نے کچھ الفاظ سنے ہیں جو کہ عام لوگ اپنی بات چیت میں اکثر استعمال کرتے ہیں‘ میں ان کے متعلق اسلام کا موقف معلوم کرنا چاہتا ہوں۔ مثلاً جب کوئی شخص فوت ہوجاتا ہے تو اس کا ذکر کرتے ہوئے عموماً ’’فلاں صاحب مرحوم‘‘ کہا جاتا ہے۔ اگرکوئی صاحب حیثیت وصاحب منصب ہوتو (الْمَغْفُورُ لَه فُلَانٌ) بھی کہہ دیا جاتا ہے۔ کیا ان لوگوں نے لوح محفوظ میں دیکھ لیا ہے اور اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں فرمایا ہے:

﴿وَإِذْ أَخَذَ اللَّـهُ مِيثَاقَ الَّذِينَ أُوتُوا الْكِتَابَ لَتُبَيِّنُنَّهُ لِلنَّاسِ وَلَا تَكْتُمُونَهُ ...١٨٧﴾...آل عمران

’’اور جب اللہ نے ان لوگوں سے وعدہ لیا جنہیں کتاب دی گئی تھی کہ تم اسے ضرور لوگوں کے لئے بیان کروگے اور چھپاؤ گے نہیں‘‘

لہٰذا فتویٰ ارشاد فرمائیے۔


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

اللہ تعالیٰ کا کسی شخص کو بخش دینا یا موت کے بعد اس پر رحم فرمانا ان غیبی معاملات میں شامل ہے جنہیں اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی نہیں جانتا۔ اس کے بعد جس فرشتے‘ نبی یا رسول اللہﷺ کو اللہ تعالیٰ اطلاع دے دے وہ جان سکتا ہے۔ کسی اور فرد کا کسی میت کے بارے میں یہ کہنا کہ اللہ نے اسے بخش دیا ہے یااس پر رحم کر دیا ہے‘ جائز نہیں۔ سوائے اس شخص کے جس کے متعلق نبی معصومﷺ کا واضح فرمان موجود ہو۔ اس کے بغیر ایسی بات کہنا ہوا میں تیر چلانے کے مترادف ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے:

﴿قُل لَّا يَعْلَمُ مَن فِي السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ الْغَيْبَ إِلَّا اللَّـهُ...٦٥﴾...النمل

’’(اے پیغمبر!) فرمادیجئے کہ اللہ کے سوا آسمانوں اور زمین میں کوئی بھی غیب نہیں جانتا۔‘‘

اور فرمایا:

 ﴿عَالِمُ الْغَيْبِ فَلَا يُظْهِرُ عَلَىٰ غَيْبِهِ أَحَدًا ﴿٢٦﴾ إِلَّا مَنِ ارْتَضَىٰ مِن رَّسُولٍ...٢٧﴾...الجن

’’ وہ غیب جاننے والا ہے‘ پس وہ اپنے غیب پر کسی کو مطلع نہیں کرتا‘ مگر جس رسول کو (کچھ بتانا) پسند کرے‘‘

لیکن ایک مسلمان کے لئے یہ امید کی جاسکتی ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل ورحمت سے اس کی مغفرت فرمادے اور اس پر رحم فرمادے لہٰذا اس کے لئے مغفرت اور رحمت کی دعا کرنی چاہئے نہ کہ اس کے بارے میں یہ فیصلہ کردیا جائے کہ اس کی مغفرت ہوگئی ہے اواس پر رحمت کر دی گئی ہے۔ ارشاد ربانی تعالیٰ ہے:

﴿إِنَّ اللَّـهَ لَا يَغْفِرُ أَن يُشْرَكَ بِهِ وَيَغْفِرُ مَا دُونَ ذَٰلِكَ لِمَن يَشَاءُ... ٤٨﴾...النساء

’’بلاشبہ اللہ تعالیٰ ( یہ جرم) معاف نہیں کرتا کہ اس کے ساتھ شریک کیا جائے۔ اس کے سوا (دوسرے گناہ) جس کے چاہتا ہے بخش دیتا ہے۔‘‘

صحیح بخاری میں حضرت خارجہ بن زید بن ثابت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک انصاری خاتون ام العلاء رضی اللہ عنہا نے انہیں بتایا اور یہ خاتون نبیﷺ کی بیعت کا شرف رکھتی ہیں‘ وہ فرماتی ہیں (ہجرت کے موقع پر) مہاجرین کو قرعہ اندازی کر کے (انصار پر) تقسیم کیا گیا (اور انہیں بھائی بھائی بنادیا گیا) ہمارے حصہ میں حضرت عثمان بن مظعون رضی اللہ عنہ آئے۔ ہم نے انہیں اپنے گھروں میں رہائش مہیا کی۔ پھر (کچھ عرصہ بعد) وہ بیمار ہوگئے اور اسی بیماری میں ان کی وفات ہوگئی۔ جب وہ فوت ہوگئے اور انہیں غسل دے کرکفن کے کپڑے پہنا دئیے گئے تو رسول اللہﷺ تشریف لائے۔ میں نے کہا: ’’اے ابو سائب (عثمان بن مظعون)! تجھ پر اللہ کی رحمت ہو‘ میں تو تیرے بارے میں یہی گواہی دیتی ہوں کہ اللہ نے تجھے عزت بخشی ہے‘‘ جناب رسول اللہﷺ نے فرمایا:

(وَمَا یُدْرِیکِ أَنَّ الله أَکْرَمَه)

’’تجھے کیا معلوم کہ اللہ نے اسے عزت بخش دی ہے؟‘‘

میں نے عرض کی ’’یا رسول اللہﷺ! میرے ماں باپ آپ پر قربان! (اگر اس شخص کی بھی عزت افزائی نہیں ہوئی تو پھر) اللہ تعالیٰ اور کس کی عزت افزائی فرمائے گا؟‘‘

رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا:

(أَمَّا ھُوَ فَقَدْ جَائَه الْیَقِینُ وَالله أِنِّی لأَرْجُو لَه الْخَیْرَ وَالله مَا أدْرِی وَأَنَارَسُولُ الله مَا یُفْعَلُ بِی)

’’اس کے پاس یقنی چیز (موت) آچکی ہے۔ قسم اللہ کی! میں اس کے لئے بھلائی کی امید رکھتا ہوں۔ قسم ہے اللہ کی! میں اللہ کا رسول ہونے کے باوجود نہیں جانتا کہ میرے ساتھ کیا سلوک ہونے والا ہے۔‘‘

ام العلاء ؓ نے فرمایا: ’’ اللہ کی قسم! اس کے بعد میں کسی کی صفائی نہیں دوں گی (کہ وہ یقینا صالح اور بخشا ہوا ہے)‘‘جناب رسول اللہﷺ نے جو یہ بات فرمائی ہے کہ

(وَالله مَا أَدْرِی وَأَنَا رَسُولُ الله مَا یُفْعَلُ بِی)

’’مجھے بھی معلوم نہیں کہ میرے ساتھ کیا ہونے والا ہے۔ حالانکہ میں اللہ کا رسول ہوں۔‘‘

تو یہ بات آپﷺ نے اس وقت فرمائی تھی جب یہ آیت ناز ل ہوئی تھی:

﴿إنَّا فَتَحْنَا لَكَ فَتْحًا مُّبِينًا ﴿١﴾ لِّيَغْفِرَ لَكَ اللَّـهُ مَا تَقَدَّمَ مِن ذَنبِكَ وَمَا تَأَخَّرَ... ٢﴾...الفتح

’’یقینا ہم نے آپ کو واضح فتح عطا فرمائی ہے۔ تاکہ اللہ تعالیٰ آپ کو اگلی پچھلی لغزشیں معاف فرمادے۔‘‘

اور اس وقت تک اللہ تعالیٰ نے آپﷺ کو یہ خبر نہیں دی تھی کہ آپ جنت میں جائی گے۔

ھذا ما عندي واللہ أعلم بالصواب

فتاویٰ دارالسلام

ج 1

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ