سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(297) اگر شوہر مسلمان ہو جائے تو غیر مسلم بیوی کے ساتھ معاشرت

  • 15863
  • تاریخ اشاعت : 2024-03-28
  • مشاہدات : 1354

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
جب شادی شدہ شخص اسلام قبول کر لے لیکن بیوی اسلام قبول نہ کرے اور وہ یہودی اور عیسائی بھی نہیں اور دونوں کے جنسی تعلقات بھی قائم ہیں تو کیا وہ اس وجہ سے کبیرہ گناہ کے مرتکب تو نہیں ہوئے ؟اور اگر بیوی اسلام قبول کرے اور وہ آپس میں جنسی تعلقات قائم رکھیں تو کیا یہی حکم ان پر بھی لاگو ہو گا؟

الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

مسلمان شخص کے لیے غیر مسلمہ بیوی سے تعلق قائم رکھنا جائز نہیں اس لیے کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے۔

"اور مشرک عورتوں سے اس وقت تک نکاح نہ کرو جب تک وہ اسلام قبول  نہیں کر لیتیں ۔"(البقرة:221)

اور اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے۔

"اور کافرعورتوں کی ناموس اپنے قبضے میں نہ رکھو۔"(الممتحنة:10)

"اور ایک اور مقام پر اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے۔

"نہ تویہ(مسلمان )عورتیں ان کافروں) کے لیے حلال ہیں اور نہ ہی وہ (کافر)ان (مسلمان)عورتوں کے لیے حلال ہیں۔"(الممتحنة:10)

جب یہ آیت نازل ہوئی تو حضرت عمر رضی اللہ  تعالیٰ عنہ   نے اپنی دومشرکہ بیویوں کو طلاق دے دی تھی ۔ نیز امام ابن قدامہ رحمۃ اللہ علیہ  نے اس مسئلے پر اجماع نقل کرتے ہوئے فرمایا ہے۔

"اہل علم کے درمیان کافر عورتوں کی تحریم کے بارے کوئی اختلاف نہیں۔"( المغنیٰ لابن قدامۃ(503/7)

اللہ تعالیٰ نے کافر عورتوں میں سے اہل کتاب کی عورتوں کو مستثنیٰ قراردیتے ہوئے فرمایا:

"پاکدامن مسلمان عورتیں اور تم سے پہلے جن لوگوں کو کتاب دی گئی ان کی پاکدامن عورتیں بھی حلال ہیں۔"(المائدة:5)

اللہ تعالیٰ کے فرمان "محصنات"کا مطلب ہے عفت و عصمت والی عورتیں جو زناکاری والی نہ ہوں۔

سوال میں مذکورہ بیوی کے اہل کتاب میں نہ ہونے کی وجہ سے مسلمان خاوند کے لیے اس کے ساتھ معاشرت جائز نہیں اسے اللہ تعالیٰ کا تقویٰ اختیار کرتے ہوئے اس سے علیحدگی اختیار کر لینی چاہیے اس لیے کہ اس کے ساتھ تعلقات قائم رکھنا شرعی طور پر درست نہیں تعلقات قائم رکھنا زنا شمار ہو گا جو کہ حرام ہے۔

اور اگر بیوی اسلام قبول کر لے اور اس کا خاوند کافر ہی رہے خواہ وہ اہل  کتاب میں سے ہو یا کسی اور مذہب کا تو ان دونوں کا نکاح بیوی کے مسلمان ہونے کے ساتھ فسخ ہوجائے گا وہ اسلام قبول کرنے کی وجہ سے کافر خاوند پر حرام ہو جائے گی۔اور اس کے لیے اس وقت تک حلال نہیں ہو گی۔جب تک خاوند بھی اسلام قبول نہ کرلے۔(شیخ محمد المنجد)
ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب

فتاویٰ نکاح و طلاق

ص374

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ