سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(174) کیا گانا بجانا، گانا سننا وغیرہ جائز ہے

  • 14774
  • تاریخ اشاعت : 2024-04-19
  • مشاہدات : 3541

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کیا گانا بجانا، گانا سننا وغیرہ جائز ہے۔ قرآن و سنت سے وضاحت کریں؟  


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

گانا بجانا سننا حرام ہے اور شیطانی افعال میں سے ہے۔ قرآن مجید میں ارشاد باری تعالیٰ ہے:

﴿وَمِنَ النَّاسِ مَن يَشْتَرِي لَهْوَ الْحَدِيثِ لِيُضِلَّ عَن سَبِيلِ اللَّـهِ بِغَيْرِ عِلْمٍ وَيَتَّخِذَهَا هُزُوًا ۚ أُولَـٰئِكَ لَهُمْ عَذَابٌ مُّهِينٌ ﴿٦﴾...لقمان

 ''اور لوگوں میں سے کچھ ایسے ہیں جو لہو الحدیث خریدتے ہیں تا کہ بگیر علم کے اللہ کی راہ سے لوگوں کو گمراہ کریں اور اس سے استہزاء کریں۔ یہی لوگ ہیں جن کے لئے رسوا کن عذاب ہے۔''ّ(لقمان)

اس آیت کی تفسیر میں سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے تفسیر طبری میں جز ۱ص٦١ پر مذکور ہے۔ سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے (ومن النّاس من یّشتری لھو الحدیث...)کے بارے میں تین مرتبہ قسم کھا کر کہا کہ لو الحدیث سے مراد گانا بجانا ہے۔ اس طرح مفسر قرآن سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے لہو الحدیث کی تفسیر گانا بجانا اور گانا سننا منقول ہے۔

 سیدنا جابر، مجاہد اور عکرمہ جیسے جلیل القدر مفسرین نے بھی لہو الحدیث سے گانا بجانا وغیرہ ہی مراد لیا ہے۔ جب اللہ تعالیٰ نے ابلیس کو مہلت دی تو اسے کہا:

﴿وَاسْتَفْزِزْ مَنِ اسْتَطَعْتَ مِنْهُم بِصَوْتِكَ ... ٦٤﴾...الإسراء

 ''اور ان میں سے جس کو بھی تو بہکا سکتاہے اپنی آواز سے بہکاتا رہے۔''(بنی اسرائیل :۶۴)

 اس آیت کی تفسیر میں سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ اس آیت سے مراد:

(( كل داع إلى معصية الله عزوجل.))

 ''ہر وہ آدمی ہے جو اللہ کی نافرمانی کی طرف دعوت دیتا ہے۔''

 سیدنا مجاہد نے اس آیت کی تفسیر یہ مروی ہے کہ اس سے مراد گانا بجانا اور لہو و لعب ہے۔  (تفسیر ابنِ کثیر ٣۳/۴۰٤٠) یعنی وہ تمام آوازیں (جیسا کہ گانا بجانا، عشقیہ اشعار وغیرہ) جو اللہ تعالیٰ کی نا فرمانی کی طرف بلاتی ہیں، وہ اس آیت کا مصداق ہیں۔

بخاری شریف میں رسول اللہ   صلی اللہ علیہ وسلم  سے مروی ہے کہ آپ   صلی اللہ علیہ وسلم  نے فرمایا:

(( ليكونن فى أمتى  أقوام يسحلفون  الحر و الحرير و الخمر و المعازف.))

 ''میری امت میں ایسی قومیں ہوں گی جو زنا ، ریشم، شراب اور باجے گاجے حلال سمجھیں گی۔''  (کتاب الاشربہ بخاری مع فتح الباری (۲)۵۳/۱۰)

   یعنی زنا ، ریشم ، شراب اور باجے گاجے جن کو شریعت نے حرام قرار دیا ہے، بعض لوگ انہیں حلال سمجھیں گے۔ اور آج وہ قومیں اکثر پائی جاتی ہیں جو گانا بجانا شراب وغیرہ کوئی عیب نہیں سمجھتیں بلکہ گانے بجانے کے آلات، ٹی وی ، وی سی آر اور گانوں کی کیسٹوں کی صورت میں ان کے گھروں میں موجود ہیں بلکہ شیطانیت اس قدر ترقی کر رہی ہے کہ ڈش انٹینا کی صورت میں اس برائی کو دن رات پھیلا یا جا رہا ہے اور مسلمانان عالم کی ذلت کے سبب بھی یہی ہے کہ انہوں نے اپنی اسلامی تہذیب ترک کر کے غیر مسلموں اور ہندوؤں وغیرہ کی تہذیب و تمدن کو اپنا لیا ہے اور ان کی پیروی میں گانا بجانا اور رقص وغیرہ کو اپنا لیا ۔ اللہ تعالیٰ حرام سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے:

حضرت ابی مالک اشعری کہتے ہیں:

((قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «لَيَشْرَبَنَّ نَاسٌ مِنْ أُمَّتِي الْخَمْرَ، يُسَمُّونَهَا بِغَيْرِ اسْمِهَا، يُعْزَفُ عَلَى رُءُوسِهِمْ بِالْمَعَازِفِ، وَالْمُغَنِّيَاتِ، يَخْسِفُ اللَّهُ بِهِمُ الْأَرْضَ، وَيَجْعَلُ مِنْهُمُ الْقِرَدَةَ وَالْخَنَازِير .))

  ''رسول اللہ   صلی اللہ علیہ وسلم  نے فرمایا، البتہ میری اُمت میں سے لوگ ضرور شراب پئیں گے اور اس کے نام کے علاوہ کوئی اور نام رکھیںگے ۔ ان کے سروں پر باجے گاجے بجائے جائیں گے اور گانے والیاں (گانے گائیں گی) ۔ اللہ تعالیٰ انہیں زمین میں دھنسا دے گا ان میں سے بندر اور سور بنا دے گا۔''           (ابنِ ماجہ، کتاب الفن۱۳۳۳/۲)

  امام ابنِ قیم نے اس حدیث کی سند کو صحیح قرار دیا ہے اس طرح علامہ البانی نے بھی اس سلسلہ صحیحہ میں شمار کیا ہے۔ عمران بن حصین رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ   صلی اللہ علیہ وسلم  نے فرمایا:

(( فى هذه  الأمة خسف  ومسخ و قذف  فقال رجل من المسلمين  يا رسول الله  و متى ذلك  إذا ظهرت  القيان  و المعازف و شربت  الخمور.))

 ''اس اُمت میں زمین میں دھنسانا، صورتین بدلنا اور پتھروں کی بارش جیسا عذاب ہو گا تو مسلمانوں میں سے ایک مرد نے کہا اے اللہ کے رسول   صلی اللہ علیہ وسلم  یہ کب ہو گا؟ آپ   صلی اللہ علیہ وسلم  نے فرمایا جب گانے والیاں اور باجے ظاہر ہوں گے اور شرابیں پی جائیں گی۔''   (سلسلۃ الاحادیث الصحیحہ۱۶۰۴، کتاب الفتن، صحیح ترمذی۲۴۲/۲)

 ان احادیث سے معلوم ہوا کہ گانا بجانا ، آلاتِ لہو مثلاً ٹی وی ، وی سی آر، وی سی پی، ویڈیو گیمز اور گانے وغیرہ کی کیسٹیں تمام شیطانی آلات سے ہیں ۔ ان کا بجانا اور سننا حرام ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ان تمام برائیوں سے محفوظ رکھے۔
ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب

آپ کے مسائل اور ان کا حل

ج 1

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ