سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(183) یہ حدیث منکر ہے

  • 12653
  • تاریخ اشاعت : 2024-04-20
  • مشاہدات : 1234

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

اس حدیث کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے، کیا یہ صحیح ہے یا ضعیف یا موضوع اور اگر یہ ضعیف ہے تو اس کے مطابق عمل کے بارے میں کیا حکم ہوگا؟ حدیث یہ ہے کہ جس میں نبیﷺ نے فرمایا ہے کہ ’’ رات یا دن کو بارہ رکعات نماز اس طرح پڑھو کہ ہر دو رکعتوں کے بعد تشہد کرو اور جب نماز کا آخری تشہد پڑھو تو اللہ تعالیٰ کی ثنا بیان کرو، نبیﷺ پر درود پڑھو اور حالت سجدہ میں سورۂ فاتحہ سات بار، آیت الکرسی سات بار اور ’’ لَا اِلٰهَ اِلَّا الله وَحْدَهُ لَا شَرِیْکَ له ، له الْمُلْکُ وَله الْحَمْدُ وَهُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْ قَدِیْرٌ‘‘دس بار پڑھو اور پھر یہ دعا پڑھو:

(اللهم اني اسالك بمعاقد العز من عرشك ومنتهي الرحمة من كتابك واسمك الاعظم وجدك الاعلي وكلماتك التامة)

’’اے اللہ !میں تیرے  عرش کے مقامات عزت تیری کتاب کے انتہائے رحمت تیرے اسم اعظم تیرے بلندوبالا مقام اورتیرے  مکمل کلمات کے وسیلہ سے تجھ سے سوال کرتا ہوں۔‘‘

اور پھر اپنی حاجت و ضرورت کے لیے سوال کرو، پھر اپنے سر کو سجدہ سے اٹھا لو اور دائیں بائیں سلام پھیرو۔ یہ دعا بیوقوف لوگوں کو نہ سکھاؤ، کیونکہ وہ بھی اگر اس طرح دعا کریں تو ان کی دعا بھی قبول ہو جائے گی۔ اس حدیث کو امام حاکم نے حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے۔ جزاکم اللہ خیرا


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

یہ حدیث منکر ہے، نبی کریمﷺ سے ثابت نہیں ہے، بلکہ نبیﷺ نے تو یہ فرمایا ہے:

(أَلَا وَإِنِّي نُهِيتُ أَنْ أَقْرَأَ الْقُرْآنَ رَاكِعًا أَوْ سَاجِدًا،((صحيح مسلم الصلاة باب النهي عن قراءة القرآن في الركوع والسجود حديث:479)

’’خبردار!آگاہ رہو کہ مجھے رکوع یا سجدہ کی حالت میں قرآن مجید پڑھنےسے منع کردیا گیا ہے۔‘‘

لہٰذا یہ مناسب نہیں کہ انسان بحالت سجدہ قرآن پڑھے۔ البتہ اگر کوئی قرآنی دعا مثلاً:

﴿رَ‌بَّنا لا تُزِغ قُلوبَنا بَعدَ إِذ هَدَيتَنا وَهَب لَنا مِن لَدُنكَ رَ‌حمَةً ۚ إِنَّكَ أَنتَ الوَهّابُ ﴿٨﴾... سورةآل عمران

’’ اے ہمارے رب! ہمیں ہدایت دینے کے بعد ہمارے دل ٹیڑھے نہ کردے اور ہمیں اپنے پاس سے رحمت عطا فرما، یقیناً تو ہی بہت بڑی عطا دینے والا ہے۔‘‘

یا مثلاً:

﴿رَ‌بَّنا ءاتِنا فِى الدُّنيا حَسَنَةً وَفِى الـٔاخِرَ‌ةِ حَسَنَةً وَقِنا عَذابَ النّارِ‌ ﴿٢٠١﴾... سورة البقرة

’’  اے ہمارے رب! ہمیں دنیا میں نیکی دے اور آخرت میں بھی بھلائی عطا فرما اور ہمیں عذاب جہنم سے نجات دے۔‘‘

اس طرح کی دعا تو جائز ہے لیکن رکوع اور سجدہ کی حالت میں قرآن مجید کی تلاوت ممنوع ہے حتیٰ کہ بعض اہل علم نے تو یہاں تک کہا ہے کہ رکوع اور سجدہ کی حالت میں قرآن مجید کی تلاوت سے نماز باطل ہو جائے گی۔

ھذا ما عندي واللہ أعلم بالصواب

فتاویٰ اسلامیہ

ج4ص146

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ