سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(50) ناپاکی کی حالت میں چلتے پھرتے دعائیں پڑھنا

  • 12004
  • تاریخ اشاعت : 2024-04-18
  • مشاہدات : 1555

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کیاناپاکی کی حالت میں چھوٹی چھوٹی دعائیں چلتے پھرتے پڑھی جاسکتی ہیں، نیز قرآن پاک پڑھ کر مردوں کوبخشنا شرعاً کیساہے؟ اس کے علاوہ ذہانت کے لئے کوئی بہترین وظیفہ اور نسخہ تحریر کریں؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

ناپاکی کی حالت میں ہرقسم کے وظائف کئے جاسکتے ہیں، دعا کے طورپر قرآنی آیا ت بھی پڑھی جاسکتی ہیں۔ ان آیات کو تلاوت اورقراء ت کی حیثیت نہ دی جائے کیونکہ اس حالت میں تلاوت قرآن جائز نہیں ہے۔

٭  عبادات کی تین اقسام ہیں:

1۔  مالی :صدقہ وغیرہ میت کی طرف سے دیاجاسکتا ہے ۔

2۔  بدنی :نماز وغیرہ میت کی طرف سے ادا نہیں کی جاسکتی ہے ۔

3۔  مرکب :حج وغیرہ بھی میت کی طرف سے ہوسکتا ہے ۔ تلاوت قرآن بھی بدنی عبادت ہے اس بنا پر اس میں نیابت درست نہیں ہے۔ متقدّمین شافعیہ نے اسے ناجائز ٹھہرایا ہے، امام شافعی رحمہ اللہ  نے درج ذیل آیت کودلیل بناتے ہوئے میت کی طرف سے قرآن خوانی کوناجائز کہاہے ’’اورانسان کے لئے وہی کچھ ہے جس کی اس نے کوشش کی ہواو راس کی کوشش کوجلد ہی دیکھ لیاجائے گا ۔‘‘  [۵۳/النجم : ۳۹۔۴۰]

                 اس کے علاوہ عہد نبوی  صلی اللہ علیہ وسلم  اوردور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں بھی یہ کام نہیں ہوا، اس لئے بھی ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی درست نہیں ہے ۔

٭  جہاں تک ذہانت کے لئے بہترین وظیفہ یانسخہ کاتعلق ہے، اس کے لئے کسی بہترین روحانی عامل یاتجربہ کار حکیم سے رابطہ کیا جائے، البتہ علمائے کرام نے اپنے تجربات کے مطابق ’’ترک معاصی ‘‘کانسخہ ذہانت کے لئے تجویز کیاہے، نیز ان کاکہناہے کہ نماز کے بعد سورۂ الم نشرح گیا رہ مرتبہ اوراکیس مرتبہ ’’رَبِّ اشْرَحْ لِیْ صَدْرِیْ تا  یَفْقَھُوْا قَوْلِیْ‘‘پڑھنا بھی مفید ہے۔ ان سے پہلے اوربعد میں درود ابراہیمی بھی پڑھ لیاجائے ،اس کے علاوہ گیارہ بادام شیریں پانی میں بھگوکرصبح نہار منہ چبائے جائیں ان کے ساتھ خمیرہ گاؤزبان عنبری جواہر والابھی ذہانت کے لئے استعمال کیاجاسکتا ہے۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد:2 صفحہ:92

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ